ریلیف ختم ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کا طوفان برپا
ترجمان کے مطابق برانڈڈ اشیاء کے لیے چند کمپنیوں نے مختلف برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جو کہ اوپن مارکیٹ میں نئے نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں
یوٹیلیٹی اسٹورز سے بھی ریلیف ختم، یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگائی کی آندھی ، مختلف برانڈز کے گھی، کوکنگ آئل سمیت متعدد اشیاء مہنگی کر دی گئی۔ کوکنگ آئل 75 روپے فی لیٹر جبکہ گھی کی فی کلو قیمت میں 66 روپے تک مہنگا ملے گا۔
اکتوبر 2021 میں تھمنے والی آندھی نے ایک مرتبہ پھر سے یوٹیلیٹی اسٹورز کا رخ کرلیا ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے گھی، کوکنگ آئل سمیت متعدد اشیاء مہنگی کردی گئیں ہیں۔ قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم فروری سے نافذ العمل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے، پاکستان میں قیمتیں مستحکم
رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 951 ارب کا مالیاتی خسارہ
نوٹیفکیشن کے مطابق کوکنگ آئل 75 روپے فی لیٹر اور گھی کی فی کلو قیمت میں 66 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔ 100 گرام کی ہلدی میں 8 روپے، 200 گرام کا وائٹ زیرہ 34 روپے اور 25 گرام الائچی کی قیمت میں 3روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق 100 گرام مصالحہ 34 روپے، بچوں کا 400 گرام دودھ 30 روپے، ایک لیٹر ٹیٹرا پیک دودھ کی قیمت میں بھی 5 روپے تک کا اضافہ ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ٹی وائٹنرر 1.2 کلو گرام کی قیمت میں275 روپے، مشروبات کی 1500 ملی لیٹر کی بوتل 15 روپے تک مہنگی کر دی گئی۔ کسٹرڈ300 گرام کی قیمت میں 10 روپے، ایک کلو اچار کی قیمت95 روپے تک بڑھا دی گئی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ ٹوٹھ پیسٹ 100 گرام کی قیمت میں10 روپے ، ایک کلو کپڑے دھونے کے پاؤڈر کی قیمت میں 30 روپے اور شیمپو کی 175 ملی لیٹر کی بوتل 35 تک مہنگی کی گئی ہے۔ نہانے کا صابن ، برتن دھونے کے لیکوڈ اور صابن بھی مہنگے کئے گئے ہیں۔ مہنگائی سے تنگ عوام کا شکوہ ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز ریلیف کا واحدہ زریعہ ہے اور اس بھی چیزیں مہنگی ہونے سے مزید پریشانی ہوگی ۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے ترجمان کے مطابق برانڈڈ اشیاء کے لیے چند کمپنیوں نے مختلف برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جو کہ اوپن مارکیٹ میں نئے نرخوں پر فروخت ہو رہی ہیں، یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کے مطابق اس لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چند برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، انتظامیہ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر 14 اکتوبر 2021 سے اشیاء کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، یوٹیلٹی اسٹورز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ان برانڈڈ اشیاء کی قیمتیں اوپن مارکیٹ سے کم رہیں گی۔
انتظامیہ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن عوام کو معیاری اشیاء مارکیٹ سے کم نرخوں پر مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔









