پی ٹی آئی رہنما عمر امین گنڈاپور کی نااہلی کا فیصلہ معطل

عمر امین میئر ڈی آئی خان کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے حصہ لیں گے، الیکشن کمیشن نے نااہل قرار دیا تھا، فیصلہ کالعدم قرار۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عمر امین گنڈاپور کی نااہلی کا فیصلہ معطل کردیا، عمر امین کو ڈیرہ اسماعیل خان کے سٹی میئر کے انتخاب میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دیا گیا تھا۔

عمر امین گنڈاپور کی میئر برائے ڈیرہ اسماعیل خان  کے لیے نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے کی۔

دوران سماعت عمر امین کے وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈا پور کو نااہل کیا ہے، الیکشن کمیشن نے پروسیجر کے بغیر آرڈر جاری کیا۔

وکیل کا موقف تھا کہ سمری انکوائری کے بعد 50 ہزار جرمانہ کیا جا سکتا ہے، جرمانے کے بعد پھر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو تو ایکشن ہو سکتا ہے۔

انہوں نے دلائل دیئے کہ نہ انکوائری ہوئی، نہ رپورٹ کمیشن کو دی گئی، عمر امین نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہوتی تو پہلے نوٹس دینا چاہئے تھا۔

دوران سماعت عدالت کی ہدایت پر الیکشن کمیشن کا آرڈر پڑھا گیا، عدالت نے استفسار کیا کہ عمر امین کیسے فریق بن گیا؟ کیا نوٹس جاری نہیں کیا گیا؟

ہائیکورٹ نے عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل کر دیا، عدالت نے الیکشن کمیشن کا حکم آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دیا تھا۔

عمر امین ڈیرہ اسماعیل خان کے میئر کے امیدوار تھے، عمر امین گنڈا پور نے الیکشن کمیشن سے نااہلی کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔

درخواست میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی، واضح رہے کہ ڈی آئی خان سے سٹی میئر کی نشست کا الیکشن 13 فروری کو ہوگا۔

متعلقہ تحاریر