جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل پر قاتلانہ حملہ ، کارکنان کا مختلف شہروں میں احتجاج

علامہ راشد محمود سومرو پر قاتلانہ حملے کے خلاف سکھر اور پنوعاقل میں کارکنان اور قائدین کا زبردست احتجاج۔

سکھر: جے یو آئی صوبہ سندھ کے رہنما علامہ راشد محمود سومرو پر قاتلانہ حملے کے خلاف ضلع سکھر اور پنوعاقل میں احتجاجی مظاہرے ، واقعہ کے خلاف نعرہ بازی ، حکام بالا سے نوٹس لیکر ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو پر قاتلانہ حملے کے خلاف جے یو آئی ضلع سکھر کے زیر اہتمام کارکنان کی کثیر تعداد نے سکھر اور پنو عاقل میں احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالی۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایف یو جے اور ایس یو جے کے زیراہتمام اطہر متین کے قتل کے خلاف مظاہرہ

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، سکھر میں موٹرسائیکل کا علامتی جنازہ

شرکاء ریلی کی جانب سے واقعہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ریلی و مظاہرے کی قیادت جے یو آئی ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد صالح انڈھڑ ، مفتی سعود افضل ہالیجوی، حافظ غلام محمد کندھر، حافظ عبدالحمید مہر، مولانا غلام اللہ ہالیجوی، مولانا علی اکبر عباسی، قاری لیاقت علی مغل،امان اللہ سکھروی،رشیداحمد شیخ،مولانا اسداللہ بھیو ،مولانا زبیر احمد ،مولانا عبدالکریم جونیجو،مولانا عبدالکریم عباسی،اسامہ محمود ہالیجوی،عبداللہ مہاجر مکی سمیت دیگر کررہے تھے۔

اس موقع پر مذکورہ رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ قائد سندھ علامہ راشد محمود سومرو پر قاتلانہ حملہ سندھ حکومت کی نااہلی ہے۔ سندھ حکومت سندھ میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے ، سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت کے باعث قائد سندھ حملہ ہوا لیکن سندھ حکومت ایسے واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔

شہید اسلام سندھ شہید ڈاکٹر خالد محمود سومرو کو شہید کیا گیا جن کا کیس اب تک چل رہا ہے اسلام دشمن عناصر اگر یہ سمجھتے ہیں وہ ایسے عمل کر کے ہمیں ہمارے مشن سے روک سکتے ہیں تو وہ انکی بھول ہے ، ایسے ہتھکنڈ ے ہمارے مشن ہمارے کارواں ختم نہیں کرسکتے۔

جے یو آئی نے اپنی جدوجہد میں کئی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، شہادت کو کارکنان خوشی خوشی گلے لگاتے ہیں ، ڈرا دھمکا کر ہمیں مظلوم عوام کی آواز بلند کرنے سے نہیں روکا جا سکتا ہے۔

جے یو آئی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی ، مظاہرین نے بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے واقعہ میں ملوث اسلام دشمن عناصروں کو فی الفور گرفتار کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائیگا جس کی تمام تر ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہو گی ۔

متعلقہ تحاریر