وزارت نجکاری پہلے 10 نمبروں میں کیوں نہیں، محمد میاں سومرو نے بتادیا
وزیر نجکاری نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے معاملات چل رہے ہیں، پاکستان اسٹیل ملز کے مستقبل کے روڈ میپ پر گامزن ہیں۔
وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو نے دلچسپ بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت نجکاری ٹاپ 10 میں شامل نہیں، اس لیے اس کی کارکردگی کے چرچے نہیں، قومی اداروں کی نجکاری میں جلد بازی نہیں کر سکتے، کورونا نے دنیا بھر میں سرمایہ کاروں کو محدود کردیا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے نجکاری نے ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی نجکاری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ نجکاری کی وزارت پہلے 10 نمبروں پر نہیں ہے، پہلے 10 نمبر نہ آنے کی وجہ سے چرچے نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ہیوی الیکٹریکل کمپلیکس کی 1ارب 41 کروڑ میں نیلام
وزیر خزانہ شوکت ترین کی مہنگائی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی
انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت سنجیدگی سے اپنے روڈ میپ پر کام کر رہی ہے۔ کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر سرمایہ کار محدود ہوئے۔ کورونا کے حالات کے پیش نظر نجکاری کے عمل میں جلد بازی نہیں کرسکتے۔
محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ قومی ادارے کی نج کاری کے لیے شفافیت، میرٹ اور سوچ سمجھ کر کام کرنا ہوتا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں وفاقی وزیر برائے نجکاری نے کہا کہ وزیر اعظم کے دورہ روس میں پاکستان اسٹیل ملز کے مستقبل پر بھی بات چیت ہوگی۔
وزیر نجکاری نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے معاملات چل رہے ہیں، پاکستان اسٹیل ملز کے مستقبل کے روڈ میپ پر گامزن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجکاری کے پروگرام کو شفاف بنایا گیا ہے، ہیوی الیکٹریکل کمپلکس کی نج کاری دورہ حاضر کی اہم کامیابی ہے۔
محمد میاں سومرو کا مزید کہنا تھا کہ آر ایل این جی پاور پلانٹ کی نجکاری کورونا نے متاثر کی، دنیا بھر کے سرمایہ کار کورونا کی وجہ سے محدود ہوئے، جون تک نجکاری عمل اپنے پلان کے مطابق چلے گا۔