جو نہیں ہونے والا وہ ہونے والا ہے، عامر لیاقت حسین کا معنی خیز بیان

پی ٹی آئی ایم این اے نے آج وزیراعظم عمران خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، ملاقات کے بعد میڈیا سے کہا کہ وزیراعظم مطمئن ہیں۔

پی ٹی آئی ایم این اے، مذہبی اسکالر، اینکرپرسن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ آج وزیراعظم عمران خان سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔

عامر لیاقت نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات  کی تصویر شیئر کی جس میں وہ رنگ برنگی شرٹ پہنے کھلکھلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

تصویر میں وفاقی وزرا علی زیدی اور اسد عمر بھی موجود ہیں۔ کچھ ہفتے پہلے تک اطلاعات تھیں کہ عامر لیاقت کی وزیراعظم سے ناراضگی ہوگئی ہے۔

اب آج وہ وزیراعظم آفس میں عمران خان سے ملاقات کرچکے ہیں اور ملاقات میں کچھ دیر کیلیے ان کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ بھی موجود تھیں۔

جب ڈاکٹر صاحب کی گاڑی وزیراعظم ہاؤس سے باہر آئی تو صحافیوں نے اسے گھیر لیا اور عامر لیاقت پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔

اینکرپرسن ہمیشہ کی طرح ہنستے مسکراتے ہوئے جواب دیتے رہے، کہنے لگے کہ وزیراعظم کو قائل کرکے آیا ہوں، میں خود کسی سے قائل نہیں ہوتا۔

مذہبی اسکالر نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان مطمئن ہیں اور تحریک ناکام ہوگی۔

جاتے جاتے پی ٹی آئی ایم این اے کا کہنا تھا کہ جو ہونے والا ہے وہ نہیں ہونے والا اور جو نہیں ہونے والا وہ ہونے والا ہے۔

متعلقہ تحاریر