موٹروے پولیس کالج، خواتین افسران کیلیے نئے بیرکس کا افتتاح
امریکی سفارتخانے اور اقوام متحدہ کے تعاون سے 100 خواتین افسران کی گنجائش والے نئے بیرکس تعمیر کیے گئے، آئی جی موٹروے انعام غنی کی شرکت۔

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کالج شیخوپورہ میں امریکی سفارتکاروں اور آئی جی موٹروے پولیس انعام غنی نے 100 خواتین افسران کیلیے نئی بیرکس کا افتتاح کیا۔
یہ بیرکس اقوام متحدہ کے آفس برائے پراجیکٹ سروسز نے تعمیر کی ہیں جس میں موٹروے پولیس اور پاکستان میں تعینات امریکی مشن کا تعاون شامل ہے۔
اسلام آباد کے امریکی سفارتخانے میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل نارکوٹکس اور لا انفورسمنٹ مارک ترواکوسکی نے کہا ہے کہ ان بیرکس کے ذریعے موٹروے پولیس کو نئی بھرتی ہونے والی خواتین کو رہائش فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ جتنی زیادہ پاکستانی خواتین افسر بنیں گی وہ پولیس میں صنفی امتیاز کے حوالے سے اتنا ہی کردار ادا کرسکتی ہیں۔
اقوام متحدہ کی عہدیدار مریسیا نے کہا کہ سماجی اصولوں نے خواتین کو پولیس میں شمولیت اختیار کرنے سے روک رکھا تھا لیکن اب یہ سلسلہ ختم ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس صنفی امتیاز کو ختم کرنا خواتین کی برابری پیدا کرنا کیلیے ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے منصوبوں میں خواتین پولیس افسران کیلیے انفراسٹرکچر تعمیر کرنا شامل ہے تاکہ اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ خواتین شامل ہوں۔
یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ کو پاکستان کے ساتھ کام کرتے ہوئے 40 برس مکمل ہوچکے ہیں۔
یہ بیورو جرائم اور بدعنوانی، انسداد منشیات، پولیس اصلاحات اور عدالتی نظام کے فروغ کیلیے دنیا کے 90 سے زائد ممالک کے ساتھ کام کر رہا ہے۔









