ون ڈے رینکنگ کا ایک اور اعزاز :بابر اعظم نے سچن ٹنڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
فہرست میں دوسرے نمبر پر ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور سابق پاکستانی بلے باز ظہیر عباس ہیں جنہوں نے 931 پوائنٹس حاصل کیے

دنیا کرکٹ میں چھائے ہوئے پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا۔ آئی سی سی آل ٹائم بیٹنگ رینکنگ میں بھارت سے تعلق رکھنے والے عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ بابر اعظم آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں عمدہ کارکردگی کے بعد آل ٹائم ون ڈے انٹرنیشنل بیٹینگ رینکنگ میں 15ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ اس درجہ بندی میں سچن ٹنڈولکر 15ویں سے 16ویں پوزیشن پر چلے گئے۔
کپتان بابر اعظم کی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور انہوں نے اپنی بہترین فارم کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی اب تک کی بہترین ون ڈے ریٹنگ پوائنٹس میں عظیم کھلاڑیوں سچن ٹنڈولکر اور آسٹریلین لیجنڈ مائیکل بیون کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں انھوں نے 276رنز اسکور کیے۔اس بہترین کارکردگی کی بدولت عالمی نمبر ایک بلے باز نے اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 891 ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بابر اعظم کی تصویر دیکھ کر شائقین کو رمیزراجہ کی جوانی یاد آگئی
آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا کپتان بابر اعظم سے جان چھوٹنے پر خوش
Babar Azam has moved up to 15th position in the ICC All-Time ODI Batting Rankings #Cricket pic.twitter.com/2T6HZTZhT4
— Saj Sadiq (@SajSadiqCricket) April 6, 2022
سچن ٹنڈولکر کی جانب سے کیریئر میں حاصل کیے گئے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 887 تھی جبکہ مائیکل بیون نے 885 پوائنٹس تک رسائی حاصل کی۔ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس کا اعزاز عظیم ویسٹ انڈین بلے باز ویوین رچرڈز کے پاس ہے جنہوں نے 935 پوائنٹس حاصل کیے۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور سابق پاکستانی بلے باز ظہیر عباس ہیں جنہوں نے 931 پوائنٹس حاصل کیے۔ اس فہرست میں ساتویں نمبر پر پاکستان کے جاوید میانداد بھی موجود ہیں جنہوں نے 910پوائنٹس حاصل کیے۔
امام الحق کی ترقی آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں عمدہ کارکردگی کی بدولت پاکستان کے امام الحق کئی درجے ترقی کر کے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ مجموعی طور پر سیریز میں 298 رنز کی بدولت امام الحق نے سات درجے ترقی حاصل کی اور اب انٹرنیشنل رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ باؤلرز شاہین شاہ آفریدی بھی شاندار باؤلنگ کی بدولت ٹاپ 10 باؤلرز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے آٹھ درجے ترقی کی اور اب وہ باؤلرز کی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔









