سندھ کے لئے ہائبرڈ بسوں کے اعلان کے ساتھ ہی وزیرٹرانسپورٹ اویس قادر کابینہ سے فارغ

شرجیل میمن کو محکمہ  اطلاعات  کا قلمدان دینے کی ہدایت  کی جس کے بعد وہ کل وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے

سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ اویس شاہ نے گذشتہ روز اعلان کیا کہ  121 ہائبرڈ بسوں کی پہلی کھیپ چین سے روانہ ہو گئی ہے ، اس اعلان کے بعد سے سندھ حکومت  نے کابینہ میں  ردوبدل کا فیصلہ کرتے ہوئے وزیرٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر کو عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ شرجیل انعام میمن  کو کابینہ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی  قیادت کی ہدایت پر شرجیل میمن  کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کےمطابق پی پی قیادت نے شرجیل میمن کو محکمہ  اطلاعات  کا قلمدان دینے کی ہدایت  کی جس کے بعد وہ کل وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں الیکٹرک بسیں واقعی سندھ حکومت کا منصوبہ ہے؟

سندھ میں اس وقت محکمہ  اطلاعات کا قلمدان سعید  غنی کے پاس ہے جب کہ وہ وزیر محنت  بھی ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ کے حوالے سے قلمدان فی الحال وزیراعلیٰ سندھ کے پاس رہے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز  سابق وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے اعلان کیا تھا کہ  121 ہائبرڈ بسوں کی پہلی کھیپ چین سے روانہ ہو گئی ہیں جو آئندہ 18 روز میں کراچی پہنچ جائیں گی، صوبائی حکومت چین سے مجموعی طور پر 250 جدید بسیں منگوا رہی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے بتایا کہ ان 250 بسوں میں سے 240 کراچی اور 10 بسیں لاڑکانہ میں چلائی جائیں گی۔

متعلقہ تحاریر