چیئرمین پی ٹی وی کی شخصیت کے مختلف پہلو

نعیم بخاری ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ وکالت کا میدان ہو یا ٹی وی پر میزبانی کا دونوں میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔

معروف قانون دان اور اور اینکر پرسن نعیم بخاری کو اگلے تین سالوں کے لیے چیئرمین پی ٹی وی تعینات کیا گیا ہے۔ نعیم بخاری پاکستانیوں کے لیے کوئی نیا نام نہیں۔ اگر یہ کہا جائے کہ وہ پاکستانی میڈیا انڈسٹری کی ایک ہمہ جہت شخصیت ہیں تو غلط نہ ہوگا۔

نعیم بخاری کا شمار پاکستان کے قابل وکلاء میں ہوتا ہے۔ وہ ایک بہترین اینکرپرسن ہیں تاہم انہوں نے اداکاری کے میدان میں بھی طبع آزمائی کی ہے۔

ذاتی زندگی

ڈاکٹر الطاف حیسن بخاری کے صاحبزادے نعیم بخاری 1948ء میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر سلیم الطاف بخاری کے چھوٹے بھائی ہیں۔

نعیم بخاری نے 1975ء میں مشہورومعروف گلوکارہ طاہرہ سید سے شادی کی تھی۔ جن سے ان کی ایک بیٹی اور بیٹا ہے تاہم یہ شادی چل نا سکی اور دونوں نے 1990ء میں اپنی راہیں جدا کرلیں۔ نعیم بخاری نے 1995ء میں تمنا خان سے دوسری شادی کی۔

طاہرہ

شخصیت

نعیم بخاری ہمہ جہت شخصیت کے مالک ہیں۔ وکالت ہو یا میزبانی دونوں میدانوں میں ان کا کوئی ثانی نہیں۔ جب وہ کسی پروگرام کی میزبانی کرتے ہیں تو نہایت دوستانہ مزاج رکھتے ہیں۔ نعیم بخاری سنجیدہ گفتگو کے دوران بھی مزاح کا پہلو نکالنے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔

نعیم بخاری فنون لطیفہ کا اعلیٰ ذوق رکھتے ہیں۔ قدرت کی خوبصورتی کو بیان کرنے میں ان سے کوئی جیت نہیں سکتا۔ ادب سے شغف کا یہ عالم ہے ہر موقع کی مناسبت سے وہ فیض احمد فیض کا شعرسنا سکتے ہیں۔

اینکر پرسن نعیم بخاری نے پروگرام خبرناک، اپنے انداز سے، نعیم بخاری کے ساتھ، بلاتکلف، امیزنگ پاکستان سمیت مختلف ٹی وی پروگرامز میں میزبانی کے فرائض سرانجام دیئے۔ ماضی میں جائیں تو معروف شاعرہ پروین شاکر سے کیا جانے والا انٹرویو بلاشبہ ایک یادگار انٹرویو ہے۔

سیاست سے وابستگی

نعیم بخاری نے 2016ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے شریف خاندان کے خلاف پاناما پیپرز کیس سمیت متعدد مقدمات لڑے۔ نعیم بخاری اپنے ہائی پروفائل کیسز کے باعث خبروں میں رہتے ہیں۔

مزاحیہ تبصرے

نعیم بخاری کے مزاحیہ تبصرے اکثر اوقات خبروں کی زینت بن جاتے ہیں۔ وہ انتہائی سنجیدہ موضوعات پر بھی اپنے دلچسپ تبصروں سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنا جانتے ہیں۔

وکیل کیس نہیں ہارتا مدعی ہارتا ہے’۔ یہ نعیم بخاری کا ایسا قول ہے جو کافی عرصے میڈیا پر زیربحث رہا۔

حال ہی میں نعیم بخاری نے بطور چیئرمین پی ٹی وی صحافیوں سے گفتگو کی۔ ان کے منفرد انداز سے کی جانے والی یہ بات چیت سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

نعیم بخاری نے اندھیرا اجالا سمیت پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور ڈرامے دوبارہ دکھائے جانے پر بھی زور دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر