بابر اعظم پر الزامات توجہ حاصل کرنے کی کوشش؟

حامیزہ نامی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ بابر اعظم نے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اچانک سنگین الزامات کی زد میں آگئے ہیں۔ ایک خاتون نے بابر اعظم پر جنسی تشدد کا بہتان لگا دیاہے۔

اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حامیزہ نامی خاتون نے بابر اعظم پر سنگین الزامات لگا دیئے ہیں۔ خاتون نے دعویٰ کیا کہ اُن پر جنسی تشدد کرنے والا کوئی عام شخص نہیں بلکہ پاکستانی ٹیم کا کپتان بابر اعظم ہے۔

حامیزہ نے الزام لگایا ہے کہ ”بابراعظم مجھے مختلف جگہوں پر کرائے مکانوں میں رکھتا رہا۔ وہ مجھے کورٹ میرج کا جھانسا دے کر گھر سے بھگا لے گیا تھا۔‘‘

خاتون نے یہ بھی دعوی کیا کہ بابراعظم اور وہ ایک ہی محلے میں رہتے تھے اور ایک ساتھ بڑے ہوئے۔ بابر اُن کے اسکول فیلو تھے اور دونوں کی بہت اچھی دوستی تھی۔

حامیزہ کے مطابق بابر کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا۔ میرا بابر اعظم سے تعلق اس وقت سے ہے جب انہوں نے کرکٹ کی دنیا میں قدم نہیں رکھا تھا۔

خاتون نے کہا کہ بابر اعظم نے مجھے 2010ء میں پروپوز کیا تھا جو میں نے قبول کیا۔ اُن کے مطابق دونوں نے اپنے اہلخانہ کو فیصلہ سے آگاہ کیا۔ فیملیز کے انکار پر بابر نے 2010ء میں اُن کو کورٹ میرج کے بہانے گھر سے بھگایا اور کرائے کے گھروں میں رکھتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے

بیواؤں سے شادی کی شرط پر کم عمر بچیوں سے شادی کرانے کا وعدہ

اس موقع پر حامیزہ کے وکیل نے کہا کہ سی سی پی او لاہور کے پاس ایف آئی آر کی درخواست دی گئی لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ اب یہ درخواست سیشن کورٹ میں ہے جس کی سماعت 4 دسمبر کو ہوگی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے حامیزہ کے لگائے الزامات کے معاملے کو نجی قرار دے دیا ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے نامور گلوکار علی ظفر پر بھی ایک خاتون گلوکارہ میشا شفیع نے ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

جس کے بعد علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی۔ لیکن جب معاملہ عدالت پہنچا تو میشا شفیع الزامات ثابت کرنے کے لیے سماعتوں میں شریک نہیں ہوئیں۔

علی ظفر کے مداحوں نے کہا کہ میشا شفیع اس اقدام کے ذریعے توجہ حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ الزامات سچ تھے تو گلوکارہ انہیں ثابت کرنے عدالت میں آتیں۔

ماضی میں اس طرح کی دیگر مثالیں پاکستانی کرکٹ اسٹارز کے ساتھ پیش بھی آئیں۔ 2010ء میں ایک انڈین خاتون عائشہ صدیقی نے میڈیا پر یہ دعویٰ کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے ان سے شادی کی تھی۔

عائشہ کا یہ دعویٰ شعیب ملک کی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی کے بعد سامنے آیا تھا۔

جبکہ 2015ء میں ایک انڈین ٹیلی ویژن کی مشہور اداکارہ عرشی خان نے ٹوئٹ کیا کہ ان کے شاہد آفریدی کے ساتھ تعلقات ہیں۔ تاہم 2018ء میں ایک ٹی وی شو میں انہوں نے اپنے ٹوئٹ پر معذرت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

ہم جو انسانوں کی تہذیب لیے پھرتے ہیں، ہم سا وحشی جنگل کے درندوں میں نہیں

متعلقہ تحاریر