جعلی ڈگریوں پر پنجاب بار کے 15منتخب ارکان کے لائسنس معطل
گزشتہ برس جعلی ڈگریوں کے حامل پی آئی اے ملازمین کو فارغ کیا گیا تھا۔
جعلی ڈگریوں کے حامل پنجاب بار کے 15 امیدواروں کے لائسنس معطل کردیئے گئے ہیں۔
گزشتہ دنوں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے وکلاء کی جعلی ڈگریوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ پنجاب یونیورسٹی کے وکیل نے عدالت میں وکلاء کی ڈگریوں سے متعلق حتمی رپورٹ پیش کی۔ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ تمام امیدواروں کا ریکارڈ یونیورسٹی کے پاس موجود ہے تاہم یہ صرف ایل ایل بی ڈگری کی حد تک تصدیقی رپورٹ ہے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جمہوری نظام کے چلتا رہنا چاہیے۔ ڈگریوں کی تصدیق کے لیے 4 ماہ تک نتائج کو نہیں روکا جاسکتا۔ پنجاب کی تمام یونیورسٹیز ڈگریوں کے حوالے سے رپورٹ جمع کرائیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ قاسم علی خان نے ریمارکس دیئے کہ رجسٹرار کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیا جا رہا ہے۔ امیدوار اے جی پنجاب کو ایک ہفتے کے اندر تمام اسناد جمع کرائیں۔ رجسٹرار ہائیکورٹ ڈگریاں یونیورسٹی کو بھیجے گا۔ امیدواروں کے خلاف رپورٹ آئے گی تو ریٹرننگ افسر دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
کن وکلاء کے لائسنس معطل کیے گئے؟
چیف جسٹس نے پنجاب یونیورسٹی کی رپورٹ کے بعد پنجاب بار کونسل کے امیدواروں کے لائسنس معطل کیے ہیں۔ معطل کیے جانے والے 15 امیدواروں میں سید طاہر حسین بخاری، محمد حفیظ، جاوید بشیر، سید محمد عمران، سید طیب حسین شاہ، صفدر سلیم اور محمد مظہر اقبال شامل ہیں۔ جبکہ طارق ریاض اور سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی کا لائسنس بھی معطل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
این آئی سی وی ڈی میں عہدوں کی بندر بانٹ
مزید معطل ہونے والوں میں سابق وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل چوہدری شاہنواز، اسماعیل گجر، امیدوار ممبر پنجاب بار کونسل طاہر محمود، نورنگ حیات، عامر منظور، محمد احسن اور راجہ فاروق اکرم کا لائسنس شامل ہے۔
سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل بھی معطل
لائسنس معطل کیے جانے والوں میں سابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی بھی شامل ہیں۔ جمیل اصغر بھٹی گزشتہ 5 سالہ دور میں ممبر پنجاب بار رہ چکے ہیں۔ اس فیصلے سے قبل تک وہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل تھے۔ 28 نومبر 2020 کو ہونے والے پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں ایک بار پھر جمیل اصغر بھٹی جیت چکے ہیں۔
عدالت کی جانب سے ریمارکس دیئے گئے کہ لائسنس معطل ہونے پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے بعد جمیل اصغر بھٹی کی جگہ ممبر پنجاب بار کونسل فرہاد علی شاہ کو چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جعلی ڈگریوں کے حامل پی آئی اے ملازمین کو فارغ کیا گیا تھا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق 3 پائلٹس کو جعلی ڈگری پر ملازمت سے فارغ کیا گیا۔ جبکہ مرد و خواتین پر مشتمل 50 کیبن عملے کو بھی نوکریوں سے برطرف کیا گیا۔