گمنام قوالوں نے ‘بھر دو جھولی’ سے سماں باندھ دیا

احمد پنسوٹا نے قوالوں کو رمضان المبارک کی خصوصی نشریات میں مدعو کرنے کی درخواست کردی۔

پاکستان کے معروف وکیل احمد پنسوٹا نے گمنام فنکاروں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔ قوالوں کے گروہ نے ‘بھر دو جھولی’ سے ایسا سماں باندھا کہ صارفین داد دینے پر مجبور ہوگئے۔

ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ۔ بعض اوقات سڑکوں پر ایسے فنکار مل جاتے ہیں جنہیں دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ پذیرائی کے مستحق ہیں۔ اس سلسلے میں لوگ اگر ان کے لیے کچھ نہیں بھی کرسکتے تو سوشل میڈیا پر ویڈیوز شیئر کرکے آگے بڑھا دیتے ہیں۔ اگر قسمت ساتھ دے جائے تو ان گمنام فنکاروں کی ویڈیوز وائرل ہوجاتی ہیں اور وہاں سے شہرت کے سفر کا آغاز ہوتا ہے۔

پاکستان کے معروف وکیل احمد پنسوٹا نے بھی کچھ ایسا ہی کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قوالوں کے ایک گروہ کی ویڈیو شیئر کی جو اپنی سریلی آواز میں پُرنم الہٰ آبادی کے کلام ‘بھر دو جھولی’ کو پیش کررہے ہیں۔ احمد پنسوٹا نے بتایا کہ یہ قوال انہیں اپنے دفتر کے باہر فن کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیئے۔

یہ بھی پڑھیے

حدیقہ کیانی کی قوالی ریلیز ہوتے ہی مقبول

احمد پنسوٹا نے ویڈیو کے ساتھ پیغام میں صحافی شفا یوسفزئی اور ارشد شریف کو مخاطب کرکے میڈیا سے تعلق رکھنے والے دیگر دوستوں سے درخواست کی کہ وہ ان قوالوں کو رمضان المبارک کی خصوصی نشریات میں مدعو کریں تاکہ ملک بھر میں ان کے فن کی پذیرائی ہو۔

ٹوئٹر پوسٹ پر صارفین ان فنکاروں کو داد دے رہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ انہیں دیکھ کر بچپن کی یاد تازہ ہوگئی جب رمضان المبارک میں اکثر قوال گلیوں میں آیا کرتے تھے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے کلام ‘بھر دو جھولی’ مشہور قوال غلام فرید صابری نے اپنے مخصوص انداز میں پیش کرکے خوب شہرت حاصل کی تھی۔

متعلقہ تحاریر