کیمبرج امتحانات سے متعلق نیوز 360 کی خبر درست ثابت ہوگئی

نیوز 360 نے بدھ کے روز او لیول کے امتحانات جون یا جولائی میں ہونے کی خبر دی تھی جو آج جمعے کے روز درست ثابت ہوگئی ہے۔

نیوز 360 کے ذمہ دار اور باوثوق ذرائع سے دی گئی خبر درست ثابت ہوگئی ہے کیونکہ حکومت پاکستان نے او لیول امتحانات 26 جولائی سے شروع کرنے کے لیے برٹش کونسل کو این او سی جاری کردیا ہے۔

پاکستان میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا کہ ہم نے برٹش کونسل کو این او سی جاری کردیا ہے جس کے تحت او لیول کے خصوصی امتحانات 26 جولائی سے 6 اگست تک منعقد کیے جاسکیں گے۔ اس سے او لیول کے طلباء کو ستمبر سے اے لیول یا ایف اے/ ایف ایس سی کی کلاسز شروع کرنے میں آسانی ہوگی۔ جولائی میں اس قسم کے امتحان کی مثال نہیں ملتی اور مجھے خوشی ہے کہ کیمبرج اس کا اہتمام کررہا ہے۔

شفقت محمود نے لکھا کہ کرونا کی وباء نے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے بالخصوص تعلیم کے میدان میں بے پناہ مشکلات پیدا کردی ہیں۔ تعلیم جاری رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے ہم مشکل فیصلے کررہے ہیں۔ نقصانات اور فائدے ہر فیصلے کے ہی ہوتے ہیں لیکن ہمارے نزدیک طلباء کی فلاح و بہبود ہمیشہ مقدم ہے۔

واضح رہے کہ نیوز 360 نے بدھ کے روز ذرائع سے او لیول کے امتحانات جون یا جولائی میں ہونے کی خبر دی تھی جو آج جمعے کے روز درست ثابت ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اولیول امتحانات جون جولائی میں ہونے کا امکان

اس سے قبل کیمبرج کے طلباء نے 10 اپریل کو سندھ ہائی کورٹ میں امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ طلباء نے ٹیچر اسیسسڈ گریڈز (ٹی اے جی) کے ذریعے ترقی پانے پر زور دیا تھا۔

دو ماہ قبل وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا تھا کہ کیمبرج کے سربراہ کا خط موصول ہوا ہے۔ کرسٹائن اوزڈن نے امتحانات 10 مئی سے لینے کی درخواست کی ہے۔ تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے او لیول کے امتحانات 10 مئی سے لینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

جس کے بعد گذشتہ ماہ ایک اور ٹوئٹ میں شفقت محمود نے بتایا تھا کہ پاکستان میں برٹش کونسل اور کیمبرج کے سربراہ نے ان سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے شفقت محمود کو یقین دلایا کہ امتحان کے انعقاد کے لیے تمام ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

کیمبرج انٹرنیشنل نے گذشتہ سال مئی اور جون میں ہونے والے امتحانات منسوخ کردیے تھے۔ یہ فیصلہ 26 فروری 2020 کو کرونا کی وباء کا پہلا مثبت کیس سامنے آنے کے بعد پاکستان کی درخواست کی روشنی میں کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر