آئی سی سی کی کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کی کوششیں
آئی سی سی حکام نے اولمپکس میں کرکٹ کی بولی کی تیاری شروع کردی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ ان کا بنیادی حدف 2028 میں ہونے والے لاس اینجلس اولمپکس کے کھیلوں میں کرکٹ کو شامل کروانا ہے ۔
آئی سی سی حکام نے اولمپکس میں کرکٹ کی بولی کی تیاری شروع کردی ہے جس کا بنیادی مقصد 2028 کو لاس اینجلس میں ہونے والے کھیلوں کے عالمی میلے میں کرکٹ کو بھی شامل کرنا ہے۔ بولی کی قیادت کے لیے آئی سی سی نے ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دے دیا ہے۔
اسپورٹس جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں کرکٹ کو آئندہ سال برمنگھم 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں شامل کیا جائے گا جس میں کرکٹ کو مختلف زاویوں سے پرکھنے کے بعد اسے اولمپکس میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔
ICC can confirm its intention to push for cricket’s inclusion in the @Olympics, with the 2028 Games in Los Angeles being the primary target.
More details 👇
— ICC (@ICC) August 10, 2021
یہ بھی پڑھیے
ارشد ندیم اولمپکس میں میڈل تو نہ جیت سکے قوم کے دل جیت لیے
چیئرمین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے سے کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں 3 کروڑ شائقین کرکٹ موجود ہیں، لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت سے لوگوں کا کھیلوں کی طرف رجحان بڑھے گا۔
گریگ بارکلے کے مطابق دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد لوگ کرکٹ کو پسند کرتے ہیں جن میں سے 90 فیصد لوگ اولمپکس کے کھیلوں میں اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اولمپکس میں کرکٹ کی ایک شاندار شمولیت ہوگی جسے دنیا بھر میں سراہا جائے گا۔
واضح رہے سن 1900 کے پیرس اولمپکس میں کرکٹ کی ٹیم آخری بار شامل کی گئی تھی جس میں برطانیہ اور فرانس کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ اگر آئی سی سی 2028 کے اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کروانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو کرکٹ کی اولمپکس سے دوری کے 128 سالہ اپنے اختتام کو پہنچیں گے۔