پی سی بی اور کھلاڑیوں کے ناقد رمیز راجہ کا امتحان

رمیز راجہ کے مطابق پہلے وہ لوگوں پر تنقید کرتے تھے لیکن اب خود تنقید کا نشانہ بن سکتے ہیں۔

قومی  کرکٹ  ٹیم  کے  سابق  کھلاڑی رمیز راجہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی  سی  بی) میں بورڈ آف گورنرز کے رکن کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا ہے کہ ان کا امتحان شروع ہوگیا ہے، اب انہیں بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

پچھلے دنوں وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی رمیز راجہ اور اسد علی خان کو پی سی بی میں بورڈ آف گورنرز کے ممبرز کی حیثیت سے نامزد کیا تھا۔ احسان مانی کے مستعفی ہونے پر رمیز راجہ کے چیئرمین پی سی بی بننے کے امکانات بھی روشن ہوگئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رمیز راجہ نے لکھا کہ ان کی زندگی اب بدل چکی ہے۔ پہلے وہ ایک کمنٹیٹر کی حیثیت سے لوگوں پر تنقید کرتے تھے لیکن اب وہ لوگوں کی تنقید کا نشانہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے مداحوں کے تعاون اور دعاؤں سے اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے نبھانے میں کامیاب ہوں گے۔

یہ  بھی  پڑھیے

کرسٹیانو رونالڈو کی 12 سالوں کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ میں واپسی

رمیز راجہ کی ٹوئٹ پر صارفین ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔ صارف سید اختر نے لکھا کہ ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔ خدا آپ کو ہمت دے اور ایمانداری سے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


قومی  ٹیم  کے  سابق  کھلاڑی راشد لطیف نے رمیز  راجہ کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ پہلے آپ توپ کے اوپر بیٹھے ہوئے تھے جہاں آپ کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے تھے لیکن اب آپ توپوں کے آگے ہیں۔


واضح رہے کہ رمیز راجہ کو 3 سالوں کے لیے بورڈ آف گورنرز کا ممبر بنایا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر