ہم نے پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف اعلان جنگ کردیا، بلاول بھٹو
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے عوام کی طاقت کے ساتھ اسلام آباد پہنچیں گے اور نااہل حکومت کا احتساب کریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے اور اب حکمرانوں کا احتساب ہو کر رہے گا۔
ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سلیکٹڈ اور نااہل حکومت کے خلاف یہ جنگ پاکستانی عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر لڑے گی۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم نے اپوزیشن کا مسودہ مسترد کردیا، پی ٹی آئی سینیٹر کا دعویٰ
کیا حزب اختلاف فروری کے آخر میں تحریک عدم اعتماد لاپائے گی؟
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جب ملک میں پیٹرول اور گیس کی قلت تھی تو ہماری پارٹی نے اس کے خلاف آواز اٹھائی اور احتجاج کیا اور یوریا کی قلت کے خلاف ٹریکٹر مارچ بھی کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم کسانوں کے درد کو سمجھتے ہیں جبکہ کسانوں کا معاشی قتل کرنا چاہتی ہے۔
زراعت کے بحران سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں کسانوں کو درپیش مسائل کا ادراک ہے ، کیوںکہ کسانوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا تو ہر شہری غذائی قلت کا شکار ہو سکتا ہے۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور جب عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس رہے ہوں تو ہم مزید انتظار کیسے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم وزیراعظم کا احتساب کرنے اور حکومت کی نااہلی کو بے نقاب کرنے اسلام آباد جارہے ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کو چور کہتے ہیں ، اگر ان میں ہمت ہے تو وہ گرفتار کرکے دکھائیں۔ جس جس شخص کو چور کہا گیا اس عدالت نے باعزت بری کردیا۔