لانگ مارچ عمران حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گا، صدر ن لیگ سندھ
سید شاہ محمد شاہ کا کہنا ہے موجودہ حکومت کی ناقص ملک دشمن پالیسیوں کی بدولت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

سکھر: پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک و قوم پر دشمن سے زیادہ خطرناک ثابت ہوئے ہیں۔ ملک بحرانوں کا شکار ، معیشت تباہی کا شکار، کشمیر پالیسی زیرہ ، نوجوان بیروزگار، مہنگائی کا ہر دم راج ، یہ ہے نیا پاکستان۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کے مقامی ہوٹل میں 23 مارچ کے حوالے سے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ن سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے منعقد ہ جنرل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیے
خیبر پختون خوا کے ضمنی بلدیاتی انتخابات ، تحریک انصاف کی واپسی
اخلاقیات صرف اپوزیشن پر لاگو ہوتی ہیں، حکومت پر نہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جمہوریت پر قدغن لگا کر سیلکٹیڈ وزیر اعظم کو بٹھایا گیا ہے جس کیلئے ہم سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں ، پی ڈی ایم کا 23 مارچ کو لانگ مارچ کا سمندر نااہل حکومت کو لے ڈوبے گا۔
سید شاہ محمد شاہ کا کہنا تھا ان شاءاللہ لانگ مارچ کا عوامی سمندر عمران خان کو واپس جمائمہ کے پاس بھیج کر ہی دم لےگا ، انتہائی افسوس کیساتھ کہنا پڑتا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناقص عوام اور ملک دشمن پالیسیوں کی بدولت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔
اجلاس میں پی ایم ایل ن سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے عہدے داروں خورشید احمد میرانی ، امداد بلو ، سعید حسین مغل، احسا نسومرو ، ڈاکٹر وشن داس ، علی اصغر ، عزیز احمد سومرو ، حبیب اللہ آرائیں ، اللہ داد بوزدار ، بشیر نون ، علی ملک ، گل حسن کھوسہ سمیت خالد شیخ ، عبدالرحمن راجپر سمیت دیگر عہدے داروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اورلانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور شرکت کا فیصلہ کیا۔
بعدازاں پاکستان مسلم لیگ ن صوبہ سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے عوامی حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے اور ان شاءاللہ لانگ مارچ کے شرکاء عمران حکومت کو گھر روانہ کر کے ہی واپس آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم تمام جماعتوں کا اتحاد ہے اور ہمارا ایک ہی نقطہ ہے ملک اور قوم کو بچانا ہے ، پاکستان تحریک انصاف نے جو عوام سے وعدے کئے تھے ان میں سے ایک وعدہ بھی وہ پورا نہیں کر سکے ہیں۔
مسلم لیگ ن صوبہ سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں متحرک ہیں ،ن لیگ اس سلسلے میں ورکرز کنونشن سمیت اجلاس منعقد کر کے آگاہی دے رہی ہے اور سندھ کے ہر شہر وں میں جلسے منعقد ہو رہے ہیں۔