پاک بحریہ کا مشق سی اسپارک 22 کے دوران میزائل کا کامیاب مظاہرہ
ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کا کہنا ہے پاک بحریہ ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔
پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے فائر پاور کے شاندار ڈسپلے کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں اینٹی شپ میزائلوں اور تارپیڈو کی فائرنگ کے ذریعے حربی تیاری اور جنگی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ لائیوویپن فائرنگ کے دوران دیگر مسلح افواج کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے فائر پاور ڈسپلے کا مشاہدہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
سینیٹ آف پاکستان نے چیئرمین اور قائد ایوان کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دے دیا
وفاقی وزراء کے درمیان لفظی جنگ ، ق لیگ اور پی ٹی آئی میں ٹھن گئی
فائر پاور کے مظاہرے کے دوران پاک بحریہ کے بحری جہاز، ہوائی جہاز اور آبدوز نے کامیابی سے اپنے مطلوبہ اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے پاک بحریہ کی جنگی صلاحیت اور تیاری کی توثیق کی۔

لائیوویپن فائرنگ کا مظاہرہ پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی اسپارک 22کے سی فیز کے اختتام پرکیا گیا۔ مشق کے انعقاد کا مقصد پاک بحریہ کے آپریشنل منصوبوں اورحربی تیاری کی جانچ اور توثیق تھا۔
اس موقع پر امیر البحر نے پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور قومی بحری مفادات کے دفاع کے لیے اس کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسروں اور جوانوں کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔سربراہ پاک بحریہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں پر کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور مادر وطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ پاک بحریہ جنگ کے تمام شعبوں میں ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔بحری جہاز، آبدوز اور ہوائی جہاز سے لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کے عزم کا مظہر ہے۔









