چین داسو اور مہمند پراجیکٹس پر کام کی رفتار سے مطمئن

چینی سفارتخانے کی طرف سے ٹویٹس شیئر کرتے ہوئے داسو اور مہمند پراجیکٹس کی تصاویر شیئر کی گئیں اور پاکستانی ملازمین کی کوششوں کو سراہا گیا۔

پاکستان میں چینی سفارتخانے کی طرف سے آج صبح ٹویٹ میں مہمند ڈیم منصوبے کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔ ٹویٹ میں کہا گیا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر میں ایک سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد، چین اور پاکستان کے درمیان ہائیڈرو پاور سیکٹر کا یہ ایک اور اہم منصوبہ ہے۔

 

چین پاکستان میں پانی سے چلنے والے منصوبوں کو تیار کرنے اور پاکستان کے پاور سیکٹر میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے ایک اہم پارٹنر ہے۔

اسی طرح گزشتہ روز بھی چینی سفارتخانے نے ٹویٹ کرتے ہوئے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کام دوبارہ شروع ہونے کے بعد اس منصوبے پر متوازن پیشرفت جاری ہے۔

ٹویٹ میں کہا گیا کہ ہم پاکستانی اور چینی دونوں کے ملازمین کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔

ان کی وجہ سے یہ منصوبہ کامیاب ہوگا اور نیشنل گرڈ میں سستی اور صاف بجلی فراہم کی جائے گی۔

یاد رہے کہ نو مارچ کو چینی ناظم الامور پینگ چنزی کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات ہوئی تھی۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ممکنہ طور پر اس ملاقات میں یہ طے پایا ہوگا کہ پاکستان میں چین کے شروع کردہ منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔

متعلقہ تحاریر