ڈی آئی خان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، تین دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی میں کم از کم تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

پاک بحریہ کے جہازوں نے عرب امارات کی بحری مشق میں حصہ لیا

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے۔ علاقے کے مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہا اور علاقے سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔

اس سے قبل جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں منگل کو ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کم از کم چار دہشت گرد ہلاک اور پاک فوج کے دو جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ “29 مارچ 2022 کو جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فوجیوں نے بھرپور جواب دیا اور چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے اور دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے دو جوان شہید ہو گئے۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں کیپٹن سعد بن عامر عمر 25 سال تعلق راولپنڈی سے اور لانس نائیک ریاض عمر 37 سال تعلق ٹانک سے ہے۔

متعلقہ تحاریر