پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس 6 اپریل تک ملتوی

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوام کو برباد کرنے کےبعد وزیراعظم عمران خان جھوٹے آنسو بہا رہے ہیں انہیں قوم کی آنکھوں میں خون کے آنسو دکھائی نہیں دیتے ہیں۔

قومی اسمبلی میں حیران کن پیش رفت کے بعد صوبے پنجاب کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے اتوار کے روز بلایا گیا پنجاب اسمبلی کا اہم اجلاس بھی 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مستعفی ہونے کے بعد پنجاب اسمبلی کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس صبح طلب کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو عہدے سے ہٹا دیا

ترین گروپ پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کی حمایت کرے گا، نعمان لنگڑیال

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو نئے وزیراعلیٰ کے لیے نامزد کیا تھا ، جبکہ حزب اختلاف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کو نامزد کیا تھا۔

پنجاب اسمبلی کے اراکین صوبے کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے بلائے گئے اہم صوبائی اسمبلی اجلاس سے قبل ہی اسمبلی میں پہنچ گئے تھے۔

اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن حمزہ شہباز نے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر استعفے دینے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ صرف ایک استعفیٰ سامنے آئے گا اور وہ وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ ہوگا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عوام کو برباد کرنے کےبعد وزیراعظم عمران خان جھوٹے آنسو بہا رہے ہیں انہیں قوم کی آنکھوں میں خون کے آنسو دکھائی نہیں دیتے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے حکومت کی جانب سے نامزد مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وہ اپنی جیت کے لیے پُرامید ہیں۔

متعلقہ تحاریر