آرمی چیف اور ترک وزیر دفاع کا علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال
ترک وزیر دفاع ہولوسی آکار کا کہنا ہے کہ ترکی علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق جمہوریہ ترکی کے وزیر قومی دفاع جنرل (ر) ہولوسی آکار نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی استحکام کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکورٹی تعاون اور مجموعی علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیے
اسلام آباد ہائیکورٹ، شیریں مزاری کو رات ساڑھے 11 بجے تک پیش کرنیکا حکم
منی لانڈرنگ کیس، سلمان شہباز ، طاہر نقوی اور ملک مقصود کے وارنٹ گرفتاری جاری
ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے پاکستان کا دورہ کرنے والے معزز مہمان نے علاقائی سلامتی اور رابطے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کے موقف کے لیے ترکی کے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف اور ترک وزیر دفاع نے خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
ترکی کے وزیر دفاع نے گزشتہ چند سالوں کے دوران کئی بار آرمی چیف سے ملاقات کی ہے۔
گزشتہ سال اسی طرح کی ایک ملاقات میں آرمی چیف نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی ایک عظیم تاریخ ہے جسے دیرپا شراکت داری میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
لوکاسی آکار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو بارہا سراہا ہے ۔
2017 میں جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاکستان ترکی دفاعی تعلقات کے فروغ میں خدمات کے اعتراف میں انقرہ میں لیجن آف میرٹ سے نوازا گیا تھا۔