مسابقتی کمیشن کا 4 اداروں کو دھوکہ دہی پر اظہار وجوہ کا نوٹس
یونی لیور، کینول پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ، دیوان آئل اسٹور اور جاپان لیوب پٹرولیم کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن کے اندر جواب دینے کا حکم دیا گیا ہے۔
کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے 4 اداروں کو دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر اور مسابقتی ایکٹ کی دفعہ 10 کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ یہ نوٹس یونی لیور پاکستان لمیٹڈ کو بادی النظر میں گمراہ کن اور جھوٹی تشہیر پر جاری کیا گیا ہے۔ سی سی پی کو ریکٹ بینکیزر پاکستان کی جانب سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ یونی لیور پاکستان اپنی مصنوع لائف بوائے سوپ اور ہینڈ واش کی تشہیر میں جھوٹے اور گمراہ کن دعوے کر رہا ہے۔
مسابقتی کمیشن کی انکوائری کے مطابق یونی لیور پاکستان کی مصنوعات کے متعلق بے بنیاد اور جھوٹے دعوے نہ صرف دوسرے کاروباری اداروں کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے بلکہ عام صارف کو بھی گمراہ کرتے رہے۔ ان بے بنیاد دعوں میں ’جراثیم سے 100 فیصد یقینی حفاظت‘، ’جراثیم سے حفاظت کرنے والا دنیا کا نمبر ون سوپ‘ اور ’10سیکنڈز میں 99.9 فیصد جراثیم سے حفاظت‘ شامل ہیں۔
بادی النظر میں دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر کے ایک اور معاملے میں فرانس سے تعلق رکھنے والی کمپنی کینل پرفارمنس آئل کی شکایت پر 3 اداروں کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ سی سی پی کو شکایت ملی تھی کہ 3 پاکستانی ادارے کینل پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ، دیوان آئل اسٹور اور جاپان لیوب پیٹرولیم اس کی پراڈکٹ کینل الٹما کی پیکیجنگ کی نقل کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ریکٹ بینکیزر پر دھوکہ دہی کی وجہ سے 15 کروڑ روپے جرمانہ
کینل پرفارمنس آئل کے مطابق اس کی پراڈکٹ ’ کینل‘ فرانس میں اور ا نٹلیکچوئیل پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان میں رجسٹر ڈ ہے اور اس نے پاکستان کی کسی بھی کمپنی کو اپنی پراڈکٹ کی استعمال کی اجازت نہیں دی ہے۔اس لئے کینول پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ ، دیوان آئل سٹور اور جاپان لیوب پٹرولیم اپنی پراڈکٹ کی فروخت سے صارفین کو گمراہ کررہے ہیں۔
سی سی پی انکوائری سے ظاہر ہوا کہ یہ ٹریڈ مارک کینل پرفارمنس آئل کے نام رجسٹرڈ ہے اور پاکستان میں اور کسی ادارے کو اختیار نہیں کہ وہ اسے استعمال کرے۔ انکوائری سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ کینل پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ ، دیوان آئل سٹور اور جاپان لیوب پٹرولیم، کینل پٹرولیم آئل کی پراڈکٹ کی پیکیجنگ کی ہو بہو نقل میں ملوث ہیں اور صارفین سے دھو کہ دھی اور کینل کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچانے کا باعث بنتے رہے جو کہ مسابقتی ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
اس لیے سی سی پی نے کینول پٹرولیم پاکستان لمیٹڈ ، دیوان آئل سٹور اور جاپان لیوب پٹرولیم کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 دن کے اندر اس اظہار وجوہ کا جواب دینے کا کہا ہے۔
سی سی پی کو کمپیٹیشن ایکٹ کے تحت یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ صارفین اور کاروباری اداروں کو دھوکہ دھی پر مبنی تشہیر اور مسابقت مخالف سرگرمیوں سے محفوظ بنائے۔