پاکستانی کوہ پیماؤں نے دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی سر کرلی
سرباز خان اور محمد عبدالجوشی چوٹی انا پورنا سر کرنے والے پہلے دو پاکستانی بن گئے ہیں۔

جمعے کے روز پاکستانی کوہ پیماؤں سرباز خان اور محمد عبدالجوشی نے نیپال میں موجود دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی سر کرلی ہے۔
سرباز خان کی سربراہی میں پاکستانی کوہ پیماؤں کی ٹیم رواں ماہ نیپال میں واقع دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی ’انا پورنا‘ کو سر کرنے کے مشن پر گئی تھی۔ اس ٹیم میں کوہ پیما محمد عبدالجوشی، منیجر سعد منور اور فوٹو گرافر کامران علی شامل تھے۔
8 ہزار 91 میٹر بلند چوٹی ’انا پورنا‘ پر 2 پاکستانی کوہ پیماؤں نے جمعے کے روز دوپہر ایک بج کر 30 منٹ پر پاکستان کا پرچم لہرا دیا ہے۔ سرباز خان اور محمد عبدالجوشی ’انا پورنا‘ سر کرنے والے پہلے دو پاکستانی بن گئے ہیں۔
سرباز خان اور محمد عبد جوشی نے رواں ماہ 13 اپریل کو ’اننا پورنا‘ چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کی تھی جس میں وہ کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔ اس کے بعد دونوں نے 14 اپریل کو دوبارہ کوشش کی تھی لیکن اس میں بھی ناکامی ہی ملی تھی۔ آخرکار جمعے کے روز دونوں کوہ پیما اس بلند ترین چوٹی کو سرکرنے میں کامیا ب ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کوہ پیما سرباز خان کا محمد علی سدپارہ کو خراج عقیدت
ٹیم کے منیجر سعد منور نے ان 2 کوہ پیماؤں کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’کوہ پیماؤں نے ریڈیو سیٹ کے ذریعے سے ہمیں آگاہ کیا ہے۔ ان کوہ پیماؤں کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور قوم سے کہیں کہ وہ ہماری واپسی کے لیے دعائیں کریں۔‘
View this post on Instagram
اس چوٹی کو دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے 12 کوہ پیماؤں نے بھی سر کیا ہے لیکن سرباز خان اور محمد عبدالجوشی پاکستان کے دونوں پہلے کوہ پیما ہیں جنہوں نے یہ چوٹی سر کی ہے۔ ان کوہ پیماؤں نے اپنی فتح کو محمد علی سدپارہ مرحوم کے نام کیا ہے۔
پاکستان، نیپال اور چین میں دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیاں موجود ہیں۔ دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ’ماؤنٹ ایورسٹ‘ 8 ہزار 848 میٹر بلند ہے جو نیپال میں واقع ہے۔ پاکستان میں 8 ہزار میٹر کی 5 چوٹیاں موجود ہیں جن میں کے ٹو، گیشر برم 1 اور 2، بروڈ پیک اور نانگا پربت شامل ہیں۔