قصور میں محکمہ پولیس کے ملازمین بھی منشیات کے عادی
50 میں سے 30 کے قریب ملازمین کے منشیات استعمال کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں محکمہ پولیس کے درجنوں ملازمین منشیات کے عادی ہیں۔
آئی جی پنجاب انعام غنی کے حکم پر قصور میں محکمہ پولیس کے ملازمین کے منشیات استعمال کرنے کے ٹیسٹ نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔ پہلے مرحلے کے 50 میں سے 30 کے قریب ملازمین کے منشیات استعمال کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
جامعات سے پارلیمنٹ لاجز تک منشیات کا کاروبار عروج پر
منشیات کے عادی ملازمین کے ٹیسٹ نجی لیب سے معاہدے کے تحت کروائے گئے۔ پولیس کانسٹیبل، اے ایس آئی اور سب انسپکٹر تک کے ملازمین مختلف قسم کے نشے کے عادی نکلے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر قصور عمران کشور کا کہنا ہے کہ نشے میں ملوث ملازمین کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں۔ 15 دن کے اندر مثبت جواب نہ آنے پر کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ آئی جی پنجاب انعام غنی صوبے سے منشیات کے خاتمے کے لیے سرگرم ہیں۔ گزشتہ دنوں آئی جی پنجاب کی زیرصدارت لاہور پولیس اور انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس میں منشیات کے عادی افراد کو سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے بحالی مراکز کی انتظامیہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔