سیالکوٹ کی ‘ایئر سیال’ اڑان بھرنے کو تیار

کرکٹ اسٹار شعیب ملک کا کہنا ہے کہ یہ لمحہ سیالکوٹ میں رہنے والے ہر شہری کے لیے باعث فخر ہے۔

سیالکوٹ کی نئی ایئر لائن ‘ایئر سیال’ کا پہلا طیارہ ہوائی اڈے پراتر گیا۔

امریکا سے منگوائے گئے یہ طیارے (ایئربس اے 320-200) سولہ سال پرانے ہیں لیکن تمام طیاروں کی حالت بہتر ہے۔ طیاروں کو نئی ​​نشستوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔

سیالکوٹ کھیلوں کی مصنوعات بنانے کے حوالے سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس شہر کی بنائی گئی فٹبال فیفا ورلڈکپ میں استعمال ہوئی۔ اسی طرح وزیرآباد برتنوں کی صنعت کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ان دونوں شہروں کے تاجران کے مشترکہ تعاون سے پاکستان کی نئی فضائی کمپنی ‘ایئر سیال’ وجود میں آئی۔

لائسنس یافتہ ایئر لائن کے پیچھے ایک بڑا ہاتھ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین کا بتایا جاتا ہے۔ جنہوں نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بعد اس منصوبے کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی اور اسلام آباد کے درمیان ڈرائیو ان سینیما پر بحث

پاکستان کرکٹ اسٹار شعیب ملک کا تعلق سیالکوٹ سے ہی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں خوشی کا اظہار کیا۔ طیارے کی لینڈنگ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ لمحہ سیالکوٹ میں رہنے والے ہر شہری کے لیے باعث فخر ہے۔

ایئر سیال کے وائس چیئرمین فضل جیلانی کے مطابق مزید دو ہوائی جہاز جلد سیالکوٹ پہنچیں گے۔ ان میں سے ایک طیارہ تین دسمبر کو فضائی بیڑے کا حصہ بنے گا۔

ایئر لائن کو 2017ء میں ایوی ایشن ڈویژن کے ذریعے آپریشن چلانے کی اجازت مل گئی تھی۔ ایئر سیال انتظامیہ کی جانب سے غیرملکی پروازیں شروع کرنے کا بھی منصوبہ زیرغور ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایئر سیال کا افتتاح 9 دسمبر کو کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر