گوتم اڈانی کے اربوں ڈالر کے فراڈ کا پردہ فاش ہونے پر بھارت میں ہلچل مَچ گئی

امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ ریسرچ نے دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص  بھارتی بزنس ٹائیکون گوتم اڈانی کے اربوں ڈالر کے فراڈ کا پردہ فاش کردیا، رپورٹ پر گوتم اڈانی آپے کے باہر ہوگئے اور کمپنی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے ڈالی ، اڈانی گروپ مالی  نقصان کا سامنا کرنے پر مجبور ہوگیا

امریکی ریسرچ کمپنی ہندن برگ (Hindenburg Research LLC) نے دنیا کےامیر ترین افراد میں شامل بھارتی بزنس ٹائیکون گوتم اڈانی کے فراڈ کا بھانڈا پھوڑدیا ۔

ہندن برگ ریسرچ نے ایشیاء کے امیر ترین شخص بھارتی بزنس ٹائیکون گوتم اڈانی پر کارپوریٹ سیکٹر کی تاریخ کے سب سے بڑے فراڈ کا مرتکب قرار دیا  ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

نریندر مودی کے ساتھی گوتم اڈانی کی این ڈی ٹی وی پر مکمل کنٹرول کی کوششیں

امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ ریسرچ  نے دعویٰ کیا ہے کہ اڈانی گروپ  کی کمپنیز اکاؤنٹنگ فراڈ اور اسٹاک  مارکیٹ میں بڑی  ہیرا پھیری میں ملوث ہیں۔

ریسرچ  رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اڈانی گروپ کی مالی جانچ پڑتال کے دوران سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا نے ہندن برگ کی تحقیقات میں بہت سی  رکاوٹیں ڈالیں۔

اڈانی گروپ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ گوتم اڈانی خاندان نے امارات سمیت کئی ممالک میں آفشور کمپنیز قائم کی ہیں جن کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

چیئرمین اڈانی گروپ کا بیان

بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے قریبی ساتھی گوتم اڈانی نے تحقیقاتی رپورٹ میں انتہائی سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور جھوٹ قرار دیا ہے ۔

ہندن برگ ریسرچ کی رپورٹ منظر عام پر آتے ہی اڈانی گروپ سخت   مشکلات کا سامنا کررہا ہے۔ حصص بازار میں اس کے شیئرز کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان ہے ۔

گروپ چیئرمین گوتم اڈانی نے رپورٹ پر غصے بھرا ردعمل دیا  جبکہ گروپ کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او ) جوگیشندر سنگھ نے الزامات کا بدنیتی  کامجموعہ قرار دیا ہے۔

سی ایف او جوگیشندر سنگھ نے کہا کہ بے بنیاد، غلط معلومات پر مشتمل الزامات پر  امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ ریسرچ  کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کیا جارہا ہے۔

اڈانی گروپ کے قانونی سربراہ جتن جالندھروالا نے کہاکہ ہندن برگ کے خلاف کارروائی کے لیے امریکی اور ہندوستانی قوانین کے تحت متعلقہ دفعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

اڈانی گروپ نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی نے بے بنیاد الزامات عائد کرکے ہندوستانی اسٹاک مارکیٹوں کو مشکلات میں ڈالا ہے جو کہ ناپسندیدہ  عمل ہے ۔

امریکی کمپنی ہندن برگ ریسرچ کا موقف

امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ ریسرچ  کے حکام کا کہنا ہے کہ اڈانی گروپ سے متعلق رپورٹ 2 سال کی مسلسل محنت اور تحقیقات کے بعد تیار کی گئی ہے ۔

کمپنی نے دعویٰ کای ہے کہ اپنی رپورٹ سے حوالے سے اڈانی گروپ کو خطوط لکھ کر شفافیت کا موقع فراہم کیا تاہم انہوں نے تاحال  کسی سوال کا جواب نہیں دی ہے ۔

ہندن برگ ریسرچ نے کہا اڈانی گروپ سے 88  سیدھے اور سادھا سے سوالات پوچھے گئے تھے تاکہ ان کا موقف بھی شامل کیا جاتا مگر انہوں نے کوئی وضاحت نہیں دی ۔

اڈانی گروپ مالی مشکلات کی جانب گامزن  

امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ ریسرچ کی رپورٹ کے بعد اڈانی گروپ کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی جس سے ساڑھے 4 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔

بھارتیہ اسٹاک ایکسچینج کے 30 انڈیکس میں اڈانی گروپ کے حصص  کی قیمت ایک اشاریہ 27 فیصد کمی ہوئی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں مجموعی طور پر 4.5٪ کی کمی واقع ہوئی۔

متعلقہ تحاریر