انتہائی تیزی سے مقبول ہونے والی "ٹک ٹاک” اچانک بند

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹک ٹاک پر فوری طور پر پابندی عائد کردی ہے۔
دنیا بھر میں انتہائی تیزی سے مقبول ہونے والی ویڈیو شیئرنگ موبائل ایپ "ٹک ٹاک” کو پاکستان میں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹک ٹاک پر فوری پابندی عائد کردی ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ غیراخلاقی اور غیرمہذب مواد کے خلاف عوام کی بڑھتی ہوئی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹاک ٹاک پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز : ویڈ یو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی / غیر مہذب مواد کے خلاف معاشرے کے مختلف طبقات کی شکایات کے پیش نظر، پی ٹی اے نے ٹک ٹاک کو بلاک کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی ہیں۔
— PTA (@PTAofficialpk) October 9, 2020
اعلامیہ کے مطابق عوام کی شکایات اور ٹک ٹاک پر موجود مواد کا معائنہ کرنے کے بعد اس کے حکام کو ایک نوٹس بھیج کر ہدایت کی گئی تھی کہ غیرقانونی مواد کی روک تھام اور اپنے پلیٹ فارم سے ہٹانے کیلئے فعال طریقہ کار متعارف کیا جائے۔
پی ٹی اے کے مطابق ٹاک ٹاک نے نوٹس کے باوجود بھی ہدایات پر عمل نہیں کیا جس کے باعث پاکستان میں ٹک ٹاک بلاک کرنے کا حکم دیا گیا۔
پی ٹی اے نے ٹک ٹاک حکام سے بات چیت پر آمادگی کا بھی اظہار کیا ہے۔ پی ٹی اے نے کہا ہے کہ اس معاملے پر مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔ ٹک ٹاک غیر قانونی مواد کو روکنے سے متعلق نظام متعارف کروائے تو پابندی کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک چین کی عالمی شہرت یافتہ مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ہے جس نے کئی لوگوں کو شہرت بخشی ہے۔ یہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی موبائل ایپس کی فہرست میں شامل ہوچکی ہے۔
دوسری جانب اس وقت ٹوئٹر پر ٹک ٹاک ٹرینڈ کر رہا ہے۔ عوام کی جانب سے پی ٹی اے کے اس فیصلے پر ملے جلے تاثرات ظاہر کیے جارہے ہیں۔ کئی لوگ فیصلے کے حق میں ہیں جبکہ بیشتر اس فیصلے سے نالاں ہیں۔