راجستھان میں فوجی مشقوں کے دوران ہندوستانی فوج نے میزائل غلط فائر کردیئے

واضح رہے کہ گزشتہ سال نئی دہلی نے فضائیہ کے تین اہلکاروں کو "حادثاتی طور پر" پاکستان میں میزائل فائر کرنے پر برطرف کر دیا تھا۔

بھارت کی شمالی ریاست راجستھان میں جاری فوجی مشقوں کے دوران فوج کی جانب سسے غلط میزائل فائر کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جیسلمیر میں جاری مشقوں کے دوران تین میزائل غلط فائر کیے گئے، مشقوں کے دوران زمین سے فضا میں مار کرنے والے تین میزائل کسی تکنیکی خرابی کے باعث ہدف کو نشانہ بنانے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھیے

14 جماعتی اپوزیشن اتحاد کا راہول گاندھی کی نااہلی چیلنج کرنیکا فیصلہ

فرانس میں پینشن اصلاحات کے خلاف پرتشدد مظاہرے؛ صدر کو مہنگی گھڑی پہننے پر تنقید کا سامنا

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق غلط فائرنگ کے واقعے نے ہمسایہ ملک پاکستان میں خطرے کی گھنٹی بجا دی، کیونکہ فائر کیے گئے میزائل مختلف پاکستان کے دیہاتوں کے کھیتوں میں گرے، جس سے زبردست دھماکے ہوئے۔ دریں اثناء ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حکام نے دو میزائلوں کا ملبہ تو نکال لیا ہے تاہم تیسرے میزائل کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔

بھارتی دفاعی ترجمان نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ غلط طور فائر کیے گئے میزائلوں کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ترجمان کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال نئی دہلی نے فضائیہ کے تین اہلکاروں کو "حادثاتی طور پر” پاکستان میں میزائل فائر کرنے پر برطرف کر دیا تھا۔ اس واقعے نے حریف ممالک کے درمیان کشیدگی کو بڑھا دیا تھا۔ اسلام آباد نے مودی سرکار کو اس غفلت پر احتجاجی مراسلہ ارسال کیا تھا جس کے بعد ہندوستان نے سرکاری سطح پر معذرت کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہونے کا اعادہ کیا تھا۔

ہندوستانی فوج کی اس قسم کی غفلت سے صورتحال خراب ہو سکتی ہے ، جبکہ پاکستان، چین اور دیگر ہمسایہ ممالک نے پہلے ہی ہندوستان کی جوہری ہتھیاروں کو سنبھالنے کی صلاحیت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر