کیا شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کی (ن) لیگ سے چھٹی کردی؟

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جو لوگ بلاوجہ اسحاق ڈار پر تنقید کررہے ہیں ان کی پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ جو اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں ان کی پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں ہے ، اس کا مطلب ہے کہ شہباز شریف نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو صاف صاف پیغام دے دیا ہے کہ ان کی اب پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

مذکورہ خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ منتخب ہونے والے صدر میاں شہباز شریف نے گذشتہ روز ن لیگ کے جنرل کونسل اجلاس کے موقع پر کیا۔

یہ بھی پڑھیے 

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

چیف جسٹس نے آرٹیکل 184(3) کے خلاف کسی بھی اقدام پر غور کرنے پر آمادگی ظاہر کردی

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے سابق سینئر نائب صدر شاہد خان عباسی اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اس اجلاس میں موجود نہیں تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف کی جانب سے اپنی صاحبزادی مریم نواز کو سینئر نائب صدر نامزد کرنے کے بعد سے شاہد خاقان عباسی نے غیرسرکاری طور پر اپنے آپ کو پارٹی عہدے سے الگ کرلیا تھا، تاہم سابق وزیر اعظم ’’ری امیجننگ پاکستان‘‘ کے تحت منعقدہ سیمیناروں کے سلسلے میں سرگرم ہیں۔ ان کے ساتھ پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل دکھائی دیتے ہیں۔

صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا خطاب

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں ایسے لوگ ہیں جو وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر بلاوجہ تنقید کر رہے ہیں ، اور ان کی ٹانگیں کھینچنے کو کوششیں کررہے ہیں ، پارٹی میں ان کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے معیشت کو ٹھیک کرتے کرتے اپنی صحت خراب کرلی ہے۔ ان لوگوں کو پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں جو اسحاق ڈار پر بلاوجہ تنقید کرتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر