پی ٹی آئی کے اسد امان نے میئر کراچی کیلیے حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کی وجہ بتادی

9 مئی کےبعد تحریک انصاف ہزاروں کارکن ابھی بھی  جیل میں ہیں،مجھ سمیت کافی لوگ غائب ہیں، میں ابھی اپنے گھر پر نہیں گیا ہوں، شوکاز کے جواب میں پارٹی کو غیر حاضری کی تمام وجوہات بتاؤں گا، اسد امان

میئر کراچی کے الیکشن میں پارٹی پالیسی کے برخلاف جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ نہ ڈالنے والے تحریک انصاف کے یوسی چیئر مین اسدامان کا ایک اور وڈیو بیان سامنے آگیا۔

اسد امان نےسانحہ 9 مئی کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان کو درپیش  حکومتی دباؤ کو ووٹ نہ ڈالنے کی وجہ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پیپلزپارٹی نے جبر، دھونس اور دھاندلی سے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی منتخب کرالیا

پی ٹی آئی نے میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا

خاتون رپورٹر نے سوال کیا کہ میئر کے الیکشن میں تحریک انصاف کے 32  ارکان ووٹ ڈالنے کیوں نہیں آئے۔اسد امان نےکہاکہ  ”میں پہلے بھی بتاچکا ہوں کہ 9 مئی کےبعد تحریک انصاف ہزاروں کارکن ابھی بھی  جیل میں ہیں،مجھ سمیت کافی لوگ غائب ہیں، میں ابھی اپنے گھر پر نہیں گیا ہوں، میں نے اپنے بچے نہیں دیکھے ہیں،اپنے دوستوں سے نہیں ملا ہوں اور اپنے حلقے میں نہیں گیا ہوں“۔

انہوں نے کہاکہ”میں اکیلا نہیں ہوں، میرے ساتھ  32 لوگ ہیں وہ بھی  کسی نہ کسی وجہ سے اپنے گھروں کو نہیں جاسکے  ہیں،آج پارٹی نے ہمیں اظہاروجوہ کا نوٹس دیا ہے 3 دن میں اس نوٹس کا جواب دوں گااور سارے حقائق  آپ کے سامنے آجائیں گے“۔

اظہار وجوہ کے نوٹس سے متعلق سوال پر انہوں نےکہاکہ”نوٹس میں پوچھا گیا ہے کہ آپ غیرحاضر  کیوں رہے ہیں، 3 دن میں جواب جمع کرائیں، انشااللہ 3 دن کے بعد  پارٹی کو جواب ارسال کردوں گا“۔

رپورٹر  نے سوال کیا کہ 32 ارکان کہاں گئے تھے، انہیں زمین کھاگئی  تھی یا آسمان نگل گیا  تھا؟اسد امان نے کہاکہ”یہ انہیں سے پوچھ لیں، یقیناً جیسے میں کہیں نا کہیں ہوں گا، ویسے ہی بھی کہیں نہ کہیں ہوں  گے،وہ انشااللہ اپناجواب خود دیں گے، تین دن میں تمام معالات آپ کے سامنے ہوں گے“۔

اپوزیشن بینچز پر بیٹھنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کہاکہ”پارٹی کا جو فیصلہ ہوگااس پر 100فیصد عمل کروں گا، حلقے کے عوام نے مجھے ووٹ دیا ہے ، ان کے مسائل کے حل کیلیے 100 فیصد جاؤں گا“۔

متعلقہ تحاریر