پاکستان بھر میں شدید بارشوں سے 150 افراد جاں بحق جبکہ 233 زخمی ہوئے، این ڈی ایم اے
25 جون سے شروع ہونے والے مون سون بارشوں کے نتیجے میں ملک بھر میں کل 468 مکانات کو نقصان پہنچا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بدھ کے روز پاکستان بھر میں حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان کے بارے میں تفصیلی رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق 25 جون سے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں سے براہ راست مختلف حادثات میں 150 افراد المناک طور پر جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 233 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق مرنے والوں میں 62 مرد، 25 خواتین اور کم از کم 63 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں میں 99 مرد، 62 خواتین اور 72 بچے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
چین نے پاکستان کا 2 ارب 10 کروڑ ڈالر کا رول اوور کردیا
سپریم کورٹ سے توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کی ٹرائل روکنے کی درخواست مسترد
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے صوبوں میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں ، دونوں صوبوں میں بالترتیب 66 اور 41 جانیں ضائع ہوئیں۔
مزید برآں، بلوچستان میں مسلسل موسلا دھار بارشوں کے باعث چھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
بارشوں سے سندھ اور آزاد کشمیر میں شدید جانی اور مالی نقصان ہوا ہے ، مختلف حادثات میں سندھ میں 15 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ بارشوں سے ہونے والے جانی نقصان کے بڑھنے کا خطرہ ہے ، جبکہ سینکڑوں خاندانوں کو املاک کو نقصان پہنچا۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اس دوران ہونے والی شدید بارشوں سے ملک بھر میں کل 468 مکانات کو نقصان پہنچا۔
پاکستان میں مون سون کا موسم ہمیشہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر قدرتی آفات کے حوالے سے چیلنجز کا شکار رہا ہے۔ تاہم، اس سال کی بارشیں خاص طور پر شدید ثابت ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں اور املاک کے نقصانات کی غیر معمولی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔