بچوں کو رہنے کے قابل ماحول دینا ہے تو آج سے سوچنا اور عمل کرنا ہوگا، ڈاکٹر سروش
اوزون کے حفاظتی اقدام کے لیے تعلیمی ادارے کردار ادا کریں، ڈاکٹر سلیم جنجوعہ ورلڈ اوزون ڈے کی مناسبت سے تقریب میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت

کراچی () ورلڈ اوزون(ozone) ڈے کی مناسبت سے یونائٹڈ نیشن ڈیولپمنٹ پروگرام، منسٹری آف کلائمٹ چینج کے نیشنل اوزون یونٹ اور جامعہ این ای ڈی کے اشتراک سے پروگرام منعقد کیا گیا، جس کا مقصد اوزون کے حفاظتی اقدامات کے لیے آگہی تھا۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی تھے جب کہ اعزازی مہمان کی حیثیت منسٹری آف کلائمٹ چینچ کے منٹریال پروٹوکول کے سربراہ ڈاکٹر سلیم جنجوعہ نے شرکت کی۔پروگرام کے مقررین میں پرو وائس چانسلر فاطمہ جناح یونی ورسٹی راولپنڈی کی ڈاکٹر عذیرہ رفیق، منسٹری آف واٹر ریسورس سے کے ایم زبیر، کراچی یونی ورسٹی شعبہ کیمسٹری کی سابقہ سربراہ ڈاکٹر حاجرہ طاہر، این ای ڈی ماحولیاتی انجینئرنگ کے چیئرمین ڈاکٹر عاطف مصطفے، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالغغار اور نمرہ آصف شامل تھے۔جامعہ ترجمان فروا حسن کے مطابق اس موقعے پر خطاب کرتے ہوۓ ڈاکٹرسلیم جنجوعہ کا کہنا تھا کہ 16 ستمبر کو عالمی یومِ اوزون منایا جاتا ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوۓ خوشی محسوس ہورہی ہے کہ اوزون کی بہتری کے لیے ہم اجتماعی صلاحیتیں بروۓ کار لاتے ہوۓ بہتری کی جانب رواں دواں ہیں۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر سروش لودھی کا کہنا تھا کہ جامعہ میں ہیلتھی فرائیدے(گاڑیوں کی کیمپس میں آمدورفت پر پابندی)،کاربن ڈائی آکسائیڈ اینیمیشن کیلکولیشن، ڈیپارٹمنٹس کو رینوبل انرجی پر منتقل کرکے کاربن فُٹ پرنٹ کی تخفیف میں ہم اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے بچوں کو رہنے کے قابل ماحول دینا ہے تو آج سوچنا اور عمل کرنا ہوگا۔ اس موقعے پر مقررین نے نوجوانوں کی توجہ اس جانب بھی مبذول کروائی کہ گھروں میں 1995 سے پہلے کے ریفریجریٹرز کا استعمال نہ کریں، ان کا کہنا تھا کہ ان سے ماحول متاثر ہوتا ہے جب کہ یہ اوزون کے ہزاروں مالیکیولز کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس پروگرام میں این ای ڈی کے طالب علموں نے مختصر ڈرامہ پیش کرکے نوجوانوں کو ماحول اور اوزون دوستی کا پیغام بھی دیا۔









