نگران حکومت کو طول دینے کا ارادہ نہیں، الیکشن تاریخ کا فیصلہ کمیشن کریگا، انوارالحق کاکڑ

) گراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاہے کہ آئندہ انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، نگران حکومت کو طول دینے کا ارادہ نہیں،سمگلنگ کے خلاف کارروائی جاری اور ریاست کی رٹ قائم کی جائے گی،حکومت بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے معاملے پر جلد فیصلہ کرے گی۔پیر کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے قیاس آرائیاں ختم ہونی چاہئیں کیونکہ یہ مروجہ قانون کے مطابق ہوں گے ، ہم نگران حکومت کی مدت کو طول دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ، کسی سیاسی جماعت پر انتخابات میں حصہ لینے پر کوئی پابندی نہیں ہے،نواز شریف جب پاکستان آئیں گے تو ان کے ساتھ ملکی قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا ،کرکٹ سمیت کھیلوں پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے ، ہم کسی ملک کو پاکستان میں کھیلنے پر مجبور نہیں کر سکتے۔دریں اثناء نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے عالمی بنک کے کنٹری ڈائیریکٹر ناجے بنحسین نے ملاقات کی ،اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ عالمی بنک پاکستان کے پسماندہ علاقوں بالخصوص بلوچستان کے دورافتادہ علاقوں کی ترقی کیلئے کردار ادا کر رہا ہے، حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کی راہ پر گامزن کرے ، علاوہ ازیں نگران وزیراعظم سے مسیحی برادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی ،اس موقع پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ تمام ریاستی مشینری اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے ان کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں۔جڑانوالہ واقعہ کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنایا جائے گاتا کہ ایسے واقعات کا سد باب ہو سکے ۔

متعلقہ تحاریر