شفاف انتخابات عمران خان، جیل میں قید پی ٹی آئی کارکنان کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں: نگراں وزیر اعظم

پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد سابق وزیراعظم عمران خان یا جیل کاٹنے والے پارٹی کے سیکڑوں ارکان کے بغیر بھی ہوسکتا ہے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی ارکان توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

ان کے مطابق تحریک انصاف کے ایسے ہزاروں کارکنان جو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے‘۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ میں عمران خان سمیت کسی سیاست دان سے ذاتی انتقام پر عمل پیرا نہیں، اگر کوئی قانون شکنی پر گرفت میں آیا ہے تو قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، انتخابات فوج یا نگران حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے عام انتخابات نئے سال میں ہوں گے، پی ٹی آئی کو جیتنے سے روکنے کے لیے انتخابات میں فوج کی جانب سے دھاندلی کی بات غیرمعقول ہے۔ ان کے مطابق ’چیف الیکشن کمشنرکا تقرر چیئرمین پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم کیا تھا، چیف الیکشن کمشنر عمران خان کے خلاف کیوں ہوں گے‘۔

انوارالحق کاکڑ کے مطابق عمران خان یا کسی بھی سیاست دان کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی پر قانون پر عمل یقینی بنایا جایا گا۔

متعلقہ تحاریر