پنجاب کابینہ کی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال روکنےکی منظوری

پنجاب کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو ختم کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے ووٹنگ مشین کے استعمال کو ختم کردیا، ووٹنگ مشین ختم کرنے کا آرڈیننس الیکشن کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں جاری کیا گیا ہے۔ آرڈیننس 3 ماہ تک نافذ رہے گا، بعد میں 3 ماہ کی توسیع کابینہ کرے گی۔

کابینہ کو بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ ووٹنگ مشین استعمال کرنے یا نہ کرنے کا استحقاق سیاسی حکومت کا ہے۔ ووٹنگ مشین کے استعمال سے الیکشن نتائج متنازعہ تصور ہوں گے۔

بریفنگ کے مطابق پاکستان کے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک ہے وہاں ووٹنگ مشین نہیں چل سکتی۔ ووٹنگ مشین کے استعمال کیلئے پورا نیٹ ورک استعمال ہوگا جو حکومت کے پاس نہیں۔

کابینہ کو دی گئی بریفنگ کے مطابق ووٹنگ مشین کے استعمال کیلئے پچھلی حکومت نے بجٹ میں رقم مختص نہیں کی۔

دریں اثنا سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کے مطابق نگراں حکومت آرڈیننس سے ووٹنگ مشین ختم کرسکتی ہے۔

کنور دلشاد کے مطابق سابق بزدار حکومت نے جان بوجھ کر ووٹنگ کو ایکٹ میں ڈالا تھا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس پر واضح مؤقف رکھتا ہےکہ ووٹنگ مشین قابل عمل منصوبہ نہیں۔

متعلقہ تحاریر