بہادر ہو تو میرے خلاف الیکشن لڑکر دکھاؤ، یاسمین راشد کا نواز شریف کو چیلنج

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے ن لیگ کے قائد نواز شریف کو الیکشن لڑنے کا چلینج دے دیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بہادر ہو تو میرے خلاف الیکشن لڑ کر دکھاؤ۔

ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف سزا یافتہ اور اشتہاری ہیں۔ ان کو الیکشن کے لیے باہر سے لایا گیا ہے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطلب یہ ہے کہ جس نے الیکشن لڑنا ہو وہ باہر ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات طے ہے کہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن ہے۔ نواز شریف کو پروٹوکول دیا جا رہا ہے۔ ہمارے کیسز کا چالان 3،4 ماہ سے آج تک نہیں آیا۔ ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن نے صدر اور وزیراعظم کو خط لکھا کہ آپ نے یاسمین راشد کو کیوں گرفتار کررکھا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے اس موقع پر بات چیت میں کہا کہ جھوٹے کیس میں 6 ماہ سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔ یہ ہم سے پریس کانفرنس کروانا چاہ رہے ہیں۔ ہم نے پی ٹی آئی چھوڑنا ہوتی تو تب ہی چھوڑ دیتے۔ جن کیسز میں گرفتار کیا گیا اس وقت میں گھر پر تھا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مختلف مقدمات میں ڈاکٹر یاسیمن راشد، عمر سرفراز چیمہ ، اعجاز چوہدری اور خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 نومبر تک توسیع کردی۔

متعلقہ تحاریر