ضلع خیبر میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار سکیورٹی اہلکار ہلاک

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں ہونے والے سکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے دوران ایک لیفٹیننٹ کرنل سمیت چار فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

اس کارروائی کے دوران تین شدت پسند ہلاک جبکہ تین زخمی بھی ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا جس کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کر رہے تھے۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کا تعلق اسلام آباد سے تھا۔ ہلاک ہونے والے دیگر تین سکیورٹی اہلکاروں میں نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدل القدیر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی شدت پسند کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

متعلقہ تحاریر