ریحام خان کی طلاق کی خبروں کی تردید
چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف کی سابقہ اہلیہ و میزبان ریحام خان نے تیسری بار طلاق کی خبروں پر اپنا ردِ عمل دے دیا۔
ریحام خان نے اپنے شوہر مرزا بلال کے ساتھ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے اپنی طلاق کی خبروں کی تردید کی ہے۔
اُنہوں نے کہا ہے کہ میں 12 شادیاں کروں اور 12 بار طلاق لوں یہ میرا مسئلہ ہے اس سے کسی کو کوئی مطلب نہیں ہونا چاہیے، یہاں میں یہ بات بھی کہنا چاہوں گی کہ جتنی توجہ لوگ میری زندگی پر دے رہے ہیں اتنی توجہ لوگ اگر اپنی ازدواجی زندگی پر دیتے، اپنے کیریئر پر دیتے، اپنے بچوں پر دیتے یا اپنی بہن کی شادی پر دیتے تو صورتِ حال کچھ مختلف ہوتی۔
ریحام خان نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ لیکن مسئلہ اس پارٹی میں یہ ہے کہ یہاں صرف پارٹی ہی ہوتی رہتی ہے اور ہمیشہ دوسروں کے ہی بارے میں بات ہوتی رہتی ہے۔
اُنہوں نے اپنے شوہر مرزا بلال کی طرف اشارہ کر کے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اپنے شہروں پر توجہ دیں کیونکہ میرے شوہر کافی زیادہ ڈیمانڈنگ ہیں تو میں ایسی چیزوں پر بالکل بھی توجہ نہیں دے سکتی۔
ریحام خان نے طلاق کی خبریں پھیلانے والوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ معذرت خواہ ہوں کہ آپ کی نیند خراب ہوئی لیکن میں بہت پُرسکون نیند سو رہی تھی اور میرے دونوں فون بھی بند تھے۔
اس موقع پر مرزا بلال نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کی بھی نیند خراب ہوئی وہ سو جائیں آرام سے اور جن لوگوں کو بھی ہماری طلاق کی خبر سن کر پریشانی ہوئی تھی، میں ان سے کہوں گا کہ وہ پریشان نہ ہوں ہم نے اپنی پریشانی کا انتظام کیا ہوا ہے ہمیں کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔