موبی لنک جاز 25 ارب روپے کی ٹیکس نادہندہ
ٹیکس کے نگراں ادارے نے معروف مواصلاتی کمپنی موبی لنک کے اسلام آباد میں مرکزی دفتر کو سیل کردیا
پاکستان موبائل کمیونیکیشن لیمٹڈ (موبی لنک) پر 2018ء کا ٹیکس ادا نہ کرنے کا الزام ہے۔ کمپنی 25 ارب 39 کروڑ سے زائد رقم کی نادہندہ ہے۔
ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف روینیو) کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ جس میں موبی لنک پر 22.03 ارب روپے کا ٹیکس جبکہ 3.3 ارب کا ڈیفالٹ سرچارج لگایا گیا ہے۔
نوٹس میں کمپنی کو ڈیفالٹر قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ موبی لنک نے غلط بیانی کی۔ جبکہ ٹیکس ادا کرنے کی ذمہ داری بھی نہیں نبھائی۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو احمد شکیل بابر نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء اور سیکشن 48 آف دی سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کے تحت آفس کو سیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ حکم کی عدم تعمیل کو انکم ٹیکس اتھارٹی کے فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ سمجھا جائے گا۔
دوسری جانب موبی لنک کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ موبی لنک نے بیان میں کہا ہے کہ کمپنی قانون کا احترام کرتی ہے۔ کمپنی گذشتہ 25 سال سے پاکستان کی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف بی آر کے نوٹس پر ٹیکس جمع کرادیا گیا ہے۔ کمپنی معاملے کے حل کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہے۔