آسٹریلیا کا پاکستان کو جیت کیلئے 317 رنز کا ہدف

میلبرن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 262 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 317 رنز کا ہدف درکار ہے اور اس کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں کھیلا جارہا ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

میچ کے چوتھے دن کے کھیل میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 6 وکٹ پر 187 رنز سے آگے بڑھائی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے ابتدائی اوورز میں ہی مچل اسٹارک کو آؤٹ کردیا، جس کے بعد عامر جمال نے بھی 2 وکٹ حاصل کیے۔

آسٹریلیا کی آخری وکٹ میر حمزہ کے حصے میں آئی اور پوری ٹیم 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی.

آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش 96 رنز بنا کر نمایاں رہے، وکٹ کیپر بیٹر ایلکس کیری نے 96 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی نصف سنچری تھی۔

ایلکس کیری 53 اور اسٹیو اسمتھ 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، پیٹ کمنز 16 ، نیتھن لائن 11 اور مچل اسٹارک 9 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ڈیوڈ وارنر 6 ، مارنس لبوشین 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ کھاتہ نہ کھول سکے، شاہین آفریدی اور میر حمزہ نے 4۔4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عامر جمال نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

واضح رہے کہ پاکستان کو پہلی اننگز کے 54 رنز کے خسارے کے بعد اب جیت کیلئے 317 رنز کا ہدف ملا ہے جبکہ اس کی 10 وکٹیں اور تقریباً ڈیڑھ دن کا کھیل باقی ہے۔

متعلقہ تحاریر