ملک میں شرح خواندگی کی رپورٹ سینیٹ میں پیش، بلوچستان سب سے پیچھے

ملک میں شرح خواندگی سے متعلق رپورٹ سینیٹ میں پیش کردی گئی، جس کے مطابق بلوچستان میں شرح خواندگی سب سے کم ہے۔

پاکستان میں 10 سال اور زائد عمر کے افراد کی شرح خواندگی سے متعلق معاشی سروے برائے 2022ء تا 2023ء سینیٹ اجلاس میں پیش کردیا گیا۔ اجلاس میں وزارت تعلیم کی جانب سے دیے گئے جواب میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں مجموعی طور پر شرح خواندگی 62 عشاریہ 8 فیصد ہے۔

وزارت تعلیم کے تحریری جواب کے مطابق صوبوں میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں ہے، جو کہ 54 عشاریہ 5 فیصد ہے۔ پنجاب میں شرح خواندگی صوبوں میں سب سے زیادہ 66 عشاریہ 3 فیصد ہے۔ سندھ میں شرح خواندگی 61 عشاریہ 8 فیصد، خیبرپختونخوا میں شرح خواندگی 55 عشاریہ 1 فیصد ہے۔

دستاویز کے مطابق ملک بھر میں خواتین کی شرح خواندگی 51 عشاریہ 9 فیصد ، مردوں کی شرح خواندگی خواتین سے زیادہ 73 عشاریہ 4 فیصد رہی۔ خواتین میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں 36 عشاریہ 8 فیصد، خیبرپختونخوا میں 37 عشاریہ 4 فیصد، سندھ میں 49 عشاریہ 7 فیصد جب کہ پنجاب میں خواتین کی شرح خواندگی 58 عشاریہ 4 فیصد رہی۔

متعلقہ تحاریر