الیکشن التوا کی سینیٹ قرارداد ہمارے موقف کی تائید ہے، فضل الرحمٰن

مرکزی امیر جمعیت علمائے اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ الیکشن التوا کی سینیٹ قرارداد ہمارے موقف کی تائید ہے،ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں،حالات کی سنگینی کا ادراک کیا جائے۔ جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔

مرکزی امیر جمعیت علمائے اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمن نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ جے یو آئی واحد پارٹی ہے جس نے امارت اسلامیہ کی حمایت کی تھی اور ہم نے بیرونی مداخلت کو جارحیت بھی کہا تھا اور ان کے دفاع کو جائز بھی کہا۔افغانستان جاکر انہیں مبارکباد دینا بھی ایک طویل خواہش تھی۔

افغانستان اور پاکستان پڑوسی ہیں پڑوسی بدلے نہیں جاتے اس حوالے سے دونوں ملکوں کو آزادانہ انداز میں موقع ملنا چاہئے۔ کسی قسم کا کوئی سیاسی دباؤ یا سیاسی اثر و رسوخ کی مداخلت کا تاثر نہیں جانا چاہئے۔

امارت اسلامیہ نے مجھے دورہ افغانستان کی دعوت دی میں وہاں اپنی جماعت کا ایک وفد لے کر روانہ ہورہا ہوں۔ ہمارا سفر دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کا سبب بنے گا۔ ماضی میں جو تلخیاں ہوئیں انہیں دور کرنا ان چند دنوں میں فوری طور پر شاید ممکن نہ ہولیکن اس طرف پیش رفت ہوسکے گی۔

متعلقہ تحاریر