ن لیگ اور استحکام پارٹی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بڑی پیشرفت
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے درمیان عام انتخابات کیلیے قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے آئی پی پی کی جانب سے پیش کی جانے والی 13 قومی اور 22 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کی فہرست پر عمل درآمد سے معذرت کرلی جبکہ قومی کی 7 سے 9 اور صوبائی کی 11 سے چودہ نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اشارہ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کے درمیان آج طویل ملاقات ہوئی، جس میں حتمی بات چیت کا آغاز کیا گیا تاہم اس حوالے سے نواز شریف کی منظوری کو حتمی قرار دیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے فردوس عاشق اعوان، ہمایوں اختر، فرخ حبیب اور نوریز شکور کی نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ سے صاف انکار کردیا جبکہ جہانگیر ترین کو لودھراں کی جگہ ملتان سے این اے 149 کی نشست پر بات چیت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کو این اے 117 اور عون چوہدری کو این اے 128 لاہور میں ایڈجسٹ کیا جائے گا جبکہ نعمان لنگڑیال کو ساہیوال، انجینئر گل اصغر کو خوشاب، عامر کیانی کو اسلام آباد اور غلام سرور خان کو پنڈی سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔