بچوں کے آن لائن جنسی استحصال پر سماعت، میٹا اور ٹک ٹاک کے سربراہوں کی شرکت
بچوں کے آن لائن جنسی استحصال پر امریکا میں سینیٹ جوڈیشری کمیٹی میں سماعت ہوئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک زکربرگ اور ٹک ٹوک کے سی ای او شوچیو نے اس سماعت میں زضاکارانہ شرکت کی۔
سماعت کے دوران سوشل میڈیا پر جنسی استحصال کے شکار بچوں کی ویڈیوز چلائی گئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سماعت میں سینیٹر جوش ہاولے نے مارک زکربرگ سے استفسار کیا کہ اس پر کیا کہیں گے، ان لوگوں کے ساتھ آپ نے جو کیا ہے کیا اس پر معافی مانگیں گے؟۔
سینیٹر ہاولے کا کہنا تھا کہ کیا سوشل میڈیا پر بدسلوکی کا سامنا کرنے والوں کو معاوضہ ملنا چاہیے؟
اس موقع پر مارک زکربرگ نے کہا کہ مجھے ہر اس چیز کے لیے افسوس ہے جس سے آپ گزرے ہیں، آپ کے خاندانوں نے جو سہا ہے اس سے کسی کو بھی گزرنے کی ضرورت نہیں۔
میٹا کے سی ای او کا کہنا تھا کہ بدسلوکی کے تدارک کے لیے ہم نے بھاری سرمایہ کاری کی ہے، انڈسٹری سطح پر یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کسی سے بدسلوکی نہ ہو۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سماعت کے دوران سینیٹر لنڈسے گراہم نے مارک زکربرگ سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ اور ہمارے سامنے جو کمپنیاں ہیں میں جانتا ہوں کہ آپ کا مطلب ایسا نہیں ہوگا لیکن آپ کے ہاتھوں پر خون ہے، آپ کی چیز لوگوں کو مار رہی ہے۔
سماعت میں ٹک ٹوک کے سی ای او شوچیو نے کہا کہ 3 چھوٹے بچوں کے والد کے طور پر میں خود جانتا ہوں کہ آج ہم جن مسائل پر بات کر رہے ہیں وہ خوفناک اور ہر والدین کے لیے ڈراؤنا خواب ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق سینیٹ کمیٹی میں میٹا اور ٹک ٹاک کے سی ای او پہلے ہی بیانات ریکارڈ کرا چکے ہیں