روسی صدر کا طیارہ ساز فیکٹری کا دورہ، جدید ترین اسٹرٹیجک بمبار طیارہ اڑایا

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے گزشتہ روز جدید ترین لڑاکا بمبار اسٹرٹیجک طیارے Tu-160M پر تجرباتی پرواز کی اور کہا کہ وہ اس جدید طیارے کو باضابطہ طور پر سروس میں شامل کریں گے۔

روسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، کازان ریجن میں صدر پوتن نے طیارہ ساز فیکٹری کا دورہ کیا، طیارے کا معائنہ کیا اور اس کے بعد 30؍ منٹ کیلئے اس سپر سانک طیارے پر پرواز بھی کی۔

پرواز کے بعد روسی صدر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بہت ہی جدید مشین ہے اور ہر لحاظ سے بہتر ہے، کوئی عام آدمی بھی دیکھے تو کہے گا کہ طیارہ اڑانے میں بہت ہی آسان ہے، یہ بہت ہی قابل بھروسہ ہے اور اسے آسانی سے اسلحے سے لیس کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس طیارے کو جدید نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی قرار دیا اور کہا کہ وہ وزارت دفاع کو ہدایت دیں گے کہ اسے روسی فضائیہ میں باضابطہ طور پر شامل کیا جائے۔

برطانوی میڈیا نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ روسی صدر نے اسٹریٹجک بمبار طیارہ اڑا کر مغربی ممالک کا مذاق اڑایا ہے۔ یہ طیارہ یوکرین میں کارروائیوں کے دوران روایتی ہتھیاروں کے استعمال سے تباہی مچا چکا ہے۔

متعلقہ تحاریر