کراچی؛ کار فٹ پاتھ پر بیٹھے لوگوں پر چڑھ گئی، 2 افراد جاں بحق

ناگن چورنگی کے قریب ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے لوگوں پر چڑھ گئی جب کہ حادثے میں 2 بھائی جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہراہِ نورجہاں کے علاقے سخی حسن سے ناگن چورنگی جاتے ہوئے ناگن پل وین العابدین امام بارگاہ کے قریب تیز رفتار کار ڈرائیور سے بے قابو ہو کو فٹ پاتھ پرسوئے ہوئے لوگوں پر چڑھ کر الٹ گئی، حادثے میں 2 افراد جان سے گئے جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر چھیپا کی ایمبولینسیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق و زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق جاں بحق و زخمی ہونے والے آپس میں بھائی ہیں ، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 18 سالہ اشوک ولد گوپی چند اور 22 سالہ بالی ولد گوپی چند کے ناموں سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں شری رام ولد گوپی چند ، سیتا رام ولد گوپی چند اور لالے ولد گوپی چند شامل ہیں واقعے کی اطلاع ملنے پر کرائم سین یونٹ کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے ذمے دار کار سوار نشتے میں دھت تھے ، ملزمان کار موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگئے ، پولیس نے کار کو قبضہ لے لیا۔

عینی شاہد رکشا ڈرائیور کے مطابق دو کاریں سخی حسن کی جانب سے ناگن چورنگی کی جانب ریس لگاتی ہوئی آرہی تھیں کہ اسی دوران زین العابدین امام بارگاہ کے قریب ایک کار نے دوسری کار کوسائڈ ماری جس سے ہنڈا سوک کا نمبر ATZ-779 ڈرائیور سے بے قابو ہو کر فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے افراد پر چڑھ کر الٹ گئی، دوسری کار جو آگے نکل گئی تھی فوری طور پر ریورس میں پیچھے آئی اور حادثے کی ذمے دار کار میں سوار افراد کو اپنے کار میں بٹھایا اور فرار ہوگئے، کار میں سوار ایک شخص زخمی ہوا تھا جسے ہم نے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال کے لیے روانہ کیا تھا تاہم وہ اسپتال سے پراسرار طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

جاں بحق افراد کے ورثا کا کہنا تھا کہ ہلاک اور زخمی افراد کا تعلق ہندو برادری سے تھا وہ کراچی میں چند روز قبل لاڑکانہ سے محنت مزدوری کے لئے آئے تھے ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دیں۔

متعلقہ تحاریر