میرے بچوں کیلئے کوئی خصوصی رویہ نہیں رکھا گیا، احد چیمہ

وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا کہ ایچ سن کالج کے تنازع میں سے مجھے نکال دیں تو گورنر کے احکامات میں کیا غلط ہے، کیا گورنر کے احکامات قانون اور انصاف کے مطابق نہیں ہیں‘میرے بچوں کیلئے کوئی خصوصی رویہ نہیں رکھا گیا پالیسی فیصلہ کیا گیا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ ‘‘ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے احد چیمہ کا کہنا تھاکہ گورنر پنجاب نے سب کیلئے ایک عمومی پالیسی بنائی ہے اس میں کیا حرج ہے، یہ صرف تاثر ہے کہ گورنر کے فیصلے کی وجہ میں ہوں، میری اہلیہ سرکار ی ملاز م ہیں.

انہوں نے 2022ء میں پرنسپل کو درخواست دی کہ میرا ٹرانسفر ہوگیا ہے مجھے بچے شفٹ کرنے ہیں اس لیے لیو دیں، پرنسپل نے کہا کہ ہم چھٹی دیں گے مگر آپ کو پوری فیس دینا ہوگی، میری اہلیہ نے کہا کہ دونوں جگہ پر پوری فیس دینا مشکل کام ہے آپ اپنی پالیسی پر نظرثانی کریں ، پرنسپل نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا یہ ان کی مرضی ہے، میری اہلیہ نے گورنر کو درخواست دی تو انہوں نے معاملہ بورڈ کو بھیج دیا.

اس بور ڈ نے 2023ء میں فیس معاف کرنے کی درخواست کو سپورٹ کیا، اس بورڈ پر اگر میرا اثر و رسوخ کسی کے علم میں ہے تو مجھے بتادے، پرنسپل نے بورڈ کے فیصلے کے باوجود ہمارے بچوں کے داخلے منسوخ کردیئے، ہم نے دوبارہ درخواست دی تو پرنسپل نے گورنر کو ریکارڈ فراہم کرنے سے منع کردیا

متعلقہ تحاریر