ایلون مسک کا ’ایکس ٹی وی ایپ‘ لانچ کرنے کا اعلان
معروف سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کے مالک ایلون مسک نے اس ہفتے اسمارٹ ٹی وی کے لیے ایک ایپ لانچ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کی سی ای او لنڈا یاکارینو نے اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ چھوٹی اسکرین سے لے کر بڑی اسکرین تک ایکس ہر چیز کو تبدیل کر رہا ہے۔
اُنہوں نے لکھا کہ جلد ہی ہم آپ کے اسمارٹ ٹی وی پر ایکس ٹی وی ایپ کے ذریعے دلچسپ مواد لائیں گے۔
لنڈا یاکارینو نے لکھا کہ ایکس ٹی وی ایپ، بڑی اسکرین پر اعلیٰ معیار کے تفریحی تجربے کے لیے آپ کی ساتھی ہوگی۔
ایکس ٹی وی ایپ کو صارفین بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے اسمارٹ فونز کے ذریعے اپنی ٹیلی ویژن اسکرین کے ساتھ بھی منسلک کرسکیں گے اور یہ فیچر اس ایپ کو ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے مدِ مقابل لے آئے گا۔