فرانس میں چاقو کے حملوں میں 3 افراد ہلاک
فرانس میں چاقو سے کیے جانے والے حملوں میں 3 افراد جان سے گئے۔ میئر نے حملے کو دہشتگردی کا واقعہ قرار دے دیا
فرانس کے شہر نیس کے گرجا گھر میں جمعرات کی صبح 9 بجے چاقووں کے حملے میں اب تک 3 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
فرانسیسی میڈیا کی جانب سے آنے والی ابتدائی رپورٹس کے مطابق ایک خاتون کا سر بھی قلم کیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد مشتبہ شخص کو گولی مار کر حراست میں لے لیا گیا ہے۔
نیس کے میئر کرسٹین ایسٹروسی کے مطابق جائے وقوعہ سے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کیا گیا تو وہ ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگا رہا تھا۔
میئر کا کہنا ہے کہ 2 افراد کو گرجا گھر کے اندر قتل کیا گیا ۔ حملے کا شکار ہونے والی خاتون گرجا گھر کے باہر موجود تھیں، جنہوں نے ایک شراب خانے میں پناہ لی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام تر شواہد دہشت گردانہ حملے کی طرف اشارہ کر رہے ہیں ۔ ملک سے اسلامو فاشزم کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔